نواب سر محمد صادق خان عباسی (پنجم ) میموریل مشاعرہ

رپورٹ: مزمل اقبال

دنیا بھر کے ادبی حلقوں میں رحیم یار خان کی ادبی تقریبات اپنے مخصوص اور اعلیٰ معیار کی وجہ سے قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔گزشتہ شب بھی صادق کلب کے پریذیڈنٹ ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان جمیل احمد جمیل کی تحریک پر نواب سر محمد خان عباسی (پنجم) میموریل مشاعرہ صادق کلب رحیم یار خان کے سبزہ زار میں منعقد ہوا۔اس باوقاراور پررونق محفلِ مشاعرہ کا اہتمام صادق کلب ایگزیکٹو کمیٹی اور رحیم یار خان ادبی فورم (رجسٹرڈ) نے کیا ۔مشاعرے کی صدارت نامور شاعر جناب انور مسعود نے کی۔ مہمانِ خصوصی ملک کے معروف شاعر عباس تابش تھے جب کہ مہمانانِ اعزاز میں سیدّسلمان گیلانی، تیمور حسن تیمور، ناز بٹ، فاخرہ انجم اور ندیم ناجد شامل تھے۔ سخن ورانِ شہر میں اظہر ادیب، ڈاکٹر کبیر اطہر ، جبار واصف، امان اﷲ ارشد، ماجد خان ماجد، آفتاب یاسر اور عمیر نجمی شامل تھے۔نقیبِ محفل کے فرائض معروف شاعر جبار واصف نے سر انجام دیئے۔قاری عبدالقدوس کی تلاوت اور مشال اعجاز کے ہدیہ ٔ نعت کے بعد صادق کلب کے نائب صدر میاں محمد رفیق نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ نواب سر محمد خان عباسی (پنجم) محسنِ پاکستان تھے جو اپنی سخاوت، خلقِ خدا کے لئے بے پناہ خلوص اور دردِ دل رکھنے کی وجہ سے صادق دوست کے نام سے پہچانے جاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے مشاہیر اور ان کی خدمات کو یاد رکھتی ہیں اورصادق کلب بھی اپنے اس عظیم محسن کو یاد رکھنے کے لئے ہر سال ان کے نام سے موسوم ایسی ہی خوبصورت محفلِ مشاعرہ کا انعقاد کیا کرے گا۔ سپاسنامے کے بعد مشاعرے کا باقاعدہ آغاز ہوا۔مشاعرہ رات آٹھ بجے شروع ہو کر رات دیر گئے تک جاری رہا۔ شدید سردی اور یخ بستہ ہوا کے باوجود سامعین کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ پنڈال کو سردی کی شدّت کے پیش ِ نظرچاروں طرف ہیٹر چلا کر گرم رکھنے کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ مشاعرے میں ممبران ایگزیکٹو کمیٹی پروفیسر مسعودالحق، چوہدری عبدالرؤف، چوہدری مجیب اکرم، فیصل خان عباسی، ڈاکٹر پروفیسر عبدالحکیم، ڈاکٹر عمر جمیل، پروفیسر کاشف بخاری، چوہدری نصیر وڑائچ، سینئر ممبر سرفراز خان عباسی، شیخ زید ہسپتال شعبہ سرجری کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمودریحان، پروفیسرڈاکٹر حسن محمود تبسم، ڈاکٹر غلام ربّانی، اسسٹنٹ کمشنرصادق آباد عباس رضا ناصر، پرنسپل گورنمنٹ خواجہ فریدؒ پوسٹ گریجویٹ کالج ڈاکٹر محمد اجمل بھٹی، پرنسپل پنجاب کالج پروفیسر محمد ارشد، نائب صدر چیمبر آف کامرس شوکت حیات، ناصرکاظمی میموریل سوسائٹی کے صدر پروفیسر عمران بشیر، وائس چیئر مین یونین کونسل چوہدری نعیم شفیق،ملک حمید انور، سرفراز خان عباسی، عبدالغفار عباسی، اخبارِاکبر کے چیف ایڈیٹر اکمل شاہد، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے چیئر مین ساجد الیاس کے علاوہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں شخصیات ، صادق کلب کے ممبران اورخواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔شعرا کی مختصر  تعداد کی وجہ سے سامعین کو بھرپور کلام سننے کا موقع ملا اور آخری لمحوں تک اِن کی بے پناہ دادنے محفل کو گرمائے رکھا۔عبدالغفار عباسی نے صاد ق کلب کے نائب صدر میاں محمد رفیق، فنانس سیکرٹری مجیب اکرم اور ممبر ڈاکٹر ماجد خان کو کلب کے لئے نواب سر محمد صادق خان عباسی (پنجم ) کے دو پورٹریٹ تحفے میں دیئے جس کا میاں محمد رفیق نے کلب کے تمام ممبران اور ایگزیکٹو کونسل کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔چیئر مین رحیم یارخان ادبی فورم ڈاکٹر ماجد خان ماجد نے کہا کہ ادبی فورم اور صادق کلب ایک غیر تحریر شدہ معاہدے کے تحت مل جل کر رحیم یارخان میں ادب کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں اور گزشتہ برس بھی ایک کامیاب کل پاکستان امن مشاعرے کا انعقاد کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر ماجد خان ماجد نے عنقریب کل پاکستان مشاعرہ منعقد کروانے کا عندیہ دیا۔تقریب کی آخر میں نواب صاحب کے ایصالِ ثواب اور ملکی سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔

Jabbar Wasif
About the Author: Jabbar Wasif Read More Articles by Jabbar Wasif: 2 Articles with 2718 views Poet, Writer, Social Activist .. View More