جمبو پبلشنگ کی اردو میں ایک اور اشاعت
(Dr. Nasreen Shagufta, Karachi)
لائبریری
سائنس: کثیر الانتخاب سوالات[انٹر میڈیٹ سال اول]از ڈاکٹر نسرین شگفتہ۔
کراچی : جمبو پبلشنگ، ۲۰۱۶ء۔ ۸۱ ص۔ قیمت: ۱۵۰ روپے
مبصرہ: نائلہ اشرف شکوری
زیر نظر کتاب لائبریری سائنس انٹر میڈیٹ سال اول کے طلبا کےلئے اہم کتاب ہے۔
لائبریری سائنس کی تعلیم کا آغاز انٹر میڈیٹ کی سطح سے ہی ہوتا ہے۔جس طرح
یہ بات بے حد اہم سمجھی جاتی ہے کہ اگر ہم اپنے بچوں کی تعلیم کو مضبوط
بنانا چاہتے ہیں تو پرائمری تعلیم پر بہت توجہ دیتے ہیں بالکل اسی طرح
ڈاکٹر نسرین شگفتہ کی یہ کاوش انٹر میڈیٹ کے طلبا کو اس تعلیم پر مبنی ایک
مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔
اس تصنیف کو انتہائی سہل انداز میں تحریر کیا گیا ہے۔ لائبریری سائنس کے
سمندر کو کوزے میں بند کر دیا ہے۔ اس کتاب کو سہل ممتنع کہنا بے جا نہ
ہوگا۔کسی بڑی سے بڑی بات کو آسان الفاظ میں بیان کرنے کا فن اس میں استعمال
کیا گیا ہے اور یہ وہ فن ہے جس میں غالب نے اپنے پورے دیوان کے بدلے مومن
کے ایک شعر کا مطالبہ کیا۔
تم میرے پاس ہوتے ہو گویا۔۔۔۔جب کوئی دوسرا نہیں ہوتا
مختصراً کثیر الانتخاب سوالات کی اشاعت کا مقصد انٹر میڈیٹ کے طلبا کو
لائبریری سائنس کا جائزہ پیش کرنا ہے۔ اس میں جو موضوعات شامل ہیں وہ یہ
ہیں:
لائبریری اور لائبریری سائنس کی تعریف، کتب خانوں کا تاریخی پس منظر اور
پاکستان کے اہم کتب خانوں کی تاریخ، کتب خانوں کی اقسام اور مقاصد،
لائبریری مواد کی نوعیت و اقسام، تحریر کے ذرائع، طریقہ حصول کتاب، تیاری
کتب کے مراحل، کتاب کے حصہ جات، کتاب کی جلد سازی،اشاریہ۔ اس کے علاوہ جدید
ٹیکنالوجی کی دن دگنی رات چوگنی ترقی کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے لائبریری
آٹومیشن کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ اسے آج کل کے دور سے ہم آہنگ کیا جا
سکے۔
میں امید کرتی ہوں کہ جمبو پبلشنگ کی یہ اشاعت طلبا کے لئے امتحانات کی
تیاری میں بڑی ممد و معاون ثابت ہوگی۔ آخر میں ڈاکٹر نسرین شگفتہ کو
مبارکباد پیش کرتی ہوں کہ انھوں نے طلبا کے لئے انتہائی سہل اور مفید کاوش
کی ہے۔ |
|