بچہ جمہورا کی بے تکی پیش گوئیاں

بچہ جمہورا !کدھر ہو کیا کر رہے ہو میری طرف گھوم آؤ؟
استاد جی ! میں حالات و واقعات کا جائزہ لے رہا ہوں لو جی گھوم آیا۔
بچہ جمہورا! مجھے بتاؤ کہ ملک عزیز اور اردگرد کے ممالک میں کیا چہ میگوئیاں ہورہی ہیں ؟
استاد جی ! بڑی گھمبیر صورتحال ہے پاکستان کے خلاف محا ذ بن رہے ہیں امریکی صدر رونلڈ ٹرمپ نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے ہر سو غدر مچا دیا ہے مسلمانوں کی شامت آگئی ہے مسلمان ممالک پر بجلیاں گرانے کے منصوبے بن رہے ہیں ۔
بچہ جمہورا! لگتا ہے ٹرمپ ہٹلرانہ سوچ کا مالک ہے اور وہ امریکہ کو محفوظ بنانے کے چکر میں کئی ممالک کا دھڑن تختہ کر کے دم لے گا امریکہ کی تاریخ بتاتی ہے کہ اس نے امن کے نام پر آج تک 5کروڑ انسانوں کا قتل کیا ہے ویت نام ، جاپان ، لیبیا، عراق ، افغانستان اور شام میں لاکھوں شہریوں کے قاتل امریکہ نے اپنی روش نہیں بدلی اور آج بھی وہ کسی نہ کسی بہانے قتل عام کا مرتکب ہورہا ہے ۔
استاد جی !امریکہ پاگل ہاتھی ہے اسے نکیل ڈالنے کے لئے ابھی تک کوئی طاقت سامنے نہیں آئی اور وہ دندناتا پھر رہا ہے اپنے پاؤں تلے غریبوں کو کچل رہا ہے چین اور روس ابھی تک اس پوزیشن میں نہیں کہ وہ اس کی شرارتوں کا نوٹس لیں ۔
بچہ جمہورا! مجھے لگتا ہے کہ امریکہ مخالف محاذ بننے جارہے ہیں ہر ملک کے اپنے اپنے مفادات ہیں جو قربان کرنا نہیں چاہتے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ناکامی نے فوج کو بھی زیر بار کر رکھا ہے اپوزیشن نے بھی چنے چبا رکھے ہیں پانامہ لیکس کیس نے ملک میں افراتفری پھیلا رکھی ہے کاروباری حضرات بھی حالات کا شکار ہیں صنعتیں دم توڑ رہی ہیں تجارتی خسارے بڑھتے جا رہے ہیں سٹاک مارکیٹ مصنوعی سانس لے رہی ہے ۔
استاد جی! آپ درست کہتے ہیں ملک عزیز سیاسی ، سفارتی اور اقتصادی مخمصے کا شکار ہے بھارتی حکمران ہمیں ناک و چنے چبا رہے ہیں ہماری حکومتی کمزوری نے بھارت کو سر پر چڑھا رکھا ہے ان کے واویلے سے ہم جماعت دعوۃ ارشاد اور اس کے ذیلی فلاحی ادارے پر قدعن لگارہے ہیں پروفیسر حافظ سعید اور اس کے اہم ساتھیوں کو نظر بند کردیا ہے۔ جبکہ بھارت میں پاکستان مخالف تنظیمیں دندنا رہی ہیں وہ ہمارے تشخص پر گولے برسا رہی ہیں مودی سرکار نے اعلانیہ کہا ہے کہ اس نے مشرقی پاکستان کو الگ کرانے میں بھر پور کردار ادا کیا ہے ہماری خارجہ پالیسی گونگی اور بہری ہے جو دنیا کو اس ظالم مودی کے خلاف اپنا موقف پیش نہیں کر سکی ہمیں چاہئیے تھا کہ دنیا میں اس معاملے کو باور کرواتے کہ ہندوستان پاکستان کو توڑنے کا درپے ہے افسوس صد افسوس کہ ہم اپنے مسلمان ممالک میں اپنا اثرو رسوخ پیدا نہیں کر سکے ضرورت اس بات ہے کہ ہمارے میڈیائی اداروں کو چاہئے کہ وہ دنیا کو حقائق بتائیں کہ کون ہے جو علاقے میں فتور پیدا کررہا ہے اور اس فتور کے نتائج کس قدر ظالمانہ ہونگے۔
بچہ جمہورا! یہ سچی حقیقت ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی میں پائے جانے والی خامیوں اور کمزوریوں سے ہمارے دشمن ہمیں ہر معاملے میں زچ کرتے چلے آرہے ہیں امریکہ بھارت کو مکمل سپورٹ فراہم کرتا چلا آرہا ہے امریکی شہ پر بھارت نے ہمارے اندر انتشار و افتراق پھیلا رکھا ہے خون ریزی کر کے ہمارے نہتے شہریوں کو شہید کروایا ہے اور اربوں کھربوں کی جائیدادیں ، اسلحہ خانے اور عسکری پوائنٹس کو نقصان پہنچایا ہے ہمارے پاس اس بار ے کئی ایک جامع ثبوت ہیں مگر ہم دنیا کو قائل کرنے میں ناکام رہے ہیں سب سے بڑا زندہ ثبوت کلبھوشن یادیو کا ہے جس پر ہمارے حکمرانوں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے یوں لگتا ہے حکمرانوں کو اپنی حساس ایجنسیوں پر اعتماد نہیں ہے وہ سمجھتے ہیں کلبھوشن کا معاملہ جعلی ہے ۔
استاد جی ! ایسا لگتا ہے جیسے عوام سکتے میں ہیں اور تقسیم ہوچکے ہیں۔ ن لیگ کے ورکروں اور لیڈروں کے دماغ میں یہ بات گھر کر چکی ہے کہ ن لیگ کو ایک سا زش کے تحت زچ کیا جا رہا ہے وہ میاں برادران پر لگائے جانے والے الزامات کو غلط مانتے ہیں جب بے نظیر پر الزامات لگائے جارہے تھے تو اس کے ورکر اس کی بے گناہی کے لئے قسمیں کھارہے تھے یا اﷲ یا رسولﷺ بے نظیر بے قصور اور اسی طرح کا رویہ ن لیگ کے ورکروں اور لیڈروں نے اپنا رکھا ہے یہ قیامت کی نشانیوں میں سے ایک اہم نشانی ہے ۔
بچہ جمہورا ! استاد جی اس ملک کے عوام ٹھیک نہیں ہیں جو چند ٹکوں میں فروخت ہوجاتے ہیں الیکشن کے دنوں میں 5سو روپے میں ووٹ فروخت کر دیتے ہیں اور عیار و مکار سیاستدان ان کی بھوک و ننگ سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور پھر 5برس تک عوام کی کھال نوچتے ہیں فلاح و بہبود کے لئے مختص فنڈز ہڑپ کر جاتے ہیں یہ کل ہی کی بات ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کے دور اقتدار میں بلدیاتی عہدیداروں نے خوب لوٹ مار کی اور جب میاں شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کا اقتدار سنبھالا تو قسم کھا کر کہا کہ میں ان ناظموں کا آڈٹ کروا کے ان کے پیٹوں سے کرپشن کی دولت نکالوں گا پھر کیا ہوا؟ کرپٹ ناظموں نے بیعت کر لی اور ن لیگ میں شامل ہو کر سب کچھ ٹھیک ہوگیا ۔
استاد جی !اب یہ بتاؤ پانامہ لیکس کیس کا کیا بنے گا ۔
بچہ جمہورا! وہی بنے گا جو پہلے صدیوں سے بنتا چلا آرہا ہے عوام چاہتے ہیں معصوم شریف برادران کو کام کرنے دیں او ر لوٹ مار بھی کرنے دیں جو کام کرے گا وہ کھائے گا بھی جب تمہاری باری آئے گی تو تم بھی وہی کرو گے جو پہلے سے ہورہا ہے کھاؤ پیو ، جیو اور جینے دو۔
Maqsood Anjum Kamboh
About the Author: Maqsood Anjum Kamboh Read More Articles by Maqsood Anjum Kamboh: 38 Articles with 32722 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.