کتاب اللہ - ذات والا صفات

حافظ محمد سبد عبدالودود ذاکر علیمی کی کتاب "اللہ - ذات والا صفات" میرے سامنے ہے - جب یہ کتاب پڑھنے کے لئے دی گئی تو میں نے نیم دلی سے اسے قبول کیا-وجہ یہ تھی کہ اس قسم کے دقیق موضوع پر قلم اٹھانا ھر ایک کے بس کی بات نہیں لیکن ایک بھیڑ چال لگی ھوئی ھے اور بغیر سوچے سمجھے بہت سے افراد اس میدان میں خامہ فرسائی کے لئے کود پڑتے ھیں اور بعد میں اہنے موضوع سے انصاف نہیں کر سکتے بلکہ قاری کو بھی الجھنوں میں ڈال دیتے ھے ۔۔ لیکن یہ پہلی مرتبہ ھوا کہ کتاب پڑھنا شروع کی تو چھوڑنے کو دل نھیں چاہا اس کتاب میں اللہ کی صفات پر روشنی ڈالی گئی ہے لیکن انداز ایسا ہے کہ کسی بھی لمحے اکتاہٹ کا احساس نہیں ہوتا-

اس میں ادبی چاشنی بھی ہے تو صحافت کی فنکاریاں بھی ہیں اور کالم نویسی کے انداز نظر بھی- اس کتاب کو پڑھنے کے دوران عبدالودود ذاکر علیمی کہیں بلند پایہ ادیب کی صورت میں نظر آتے ہیں تو کہیں اعلیٰ و ارفع کالم نویس لیکن یہ سب کچھ کرتے ہوئے جناب ودود صاحب اپنے اصل مقصد سے ہٹتے نہیں اور اپنی تحقیقات کا نچوڑ قاری کے سامنے پیش کرتے رہتے ہیں- اور قاری کو اپنا پیغام بڑی کامیابی سے پہنچا دیتے ہیں-

یہ بات اپنی جگہ اہمیت رکھتی ہے کہ قرآن پاک کی آیات کا ترجمہ کرتے وقت نہایت سادہ زبان اور عام فھم اردو استعمال کی ہے کہ قاری صرف الفاظ کی بھول بھلیوں میں ہی نہیں پھنس جائے بلکہ ان سے نکل کر سوچ کی وادیوں میں اتر جاتا ہے- اور ایک اچھے ادیب کا یہی کام ہے یہ بات بھی اپنی جگہ حیرت انگیز ہے کہ فاضل مولف نے کسی دارالعلوم سے کوئی سند نہیں حاصل کی لیکن محض اپنے شوق اور تجسس کے جذبے کے تحت یہ سارا علم حاصل کیا ہے اور میرے نزدیک جو چیز شوق کے جذبے سے حاصل کی جائے وہ عام پروفیشنل تحقیق سے زیادہ وقعت رکھتی ہے- لیکن اس سے زیادہ بھی اہم بات یہ ہے کہ کسی بھی جگہ شک کے پھول کو پھلنے کا موقع نہیں دیتے اور قاری ہر جگہ ‘حوالہ‘ کو پاتا ہے-

ایک اعتراض جو علما کرام پر کیا جاتا ہے کہ انہیں جدید دور کی سائنسی معلومات سے آگاہی نہیں سو وہ کیا نئی نسل کو کیا مطمئین کر سکیں گے لیکن جناب عبدالودود صاحب نے کئی مقامات پر سائنسی تحقیقات پر سیر حاصل بحث کی ہے- ان میں اتنے دقیق مسائل لوگوں کو اس قدر دل نشین انداز میں سمجھانے کا فن کہاں سے آیا یہ سوال بار بار ذہن میں اٹھتا ہے- اگرچہ عبدالودود صاحب نے اس پر روشنی نہیں ڈالی لیکن کتاب کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ آپ حکومت کے مختلف تربیتی اداروں میں تربیت دینے سے منسلک رہے تھے جس نے ان کے اندر کے چھپی ہوئی صلاحیت کو اور اجاگر کیا جس سے انہوں نے اس کتاب کی تالیف کے دوران پورا پورا فائدہ اٹھایا اور یوں ایک بلند پایہ کتاب وجود میں آئی-

اس کتاب کا خلاصہ یہ ہے کہ جب آپ کو اللہ پر پورا بھروسہ ہو جائے تو اللہ کے ایمان کی راہ میں تمام چیزیں بے توقیر ہو جاتی ہیں- جب وہ اللہ کی صفات کا تذکرہ کرتے ہیں تو صرف قرآن تک ہی محدود نہیں رہتے بلکہ خلفائے راشدین اور دوسرے صحابہ کرام کے اللہ تعالٰٰی کے بارے میں جو تصورات ہیں ان پر بھی روشنی ڈال کر ہمارے یقین کو مزید مستحکم و محکم بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں-

کتاب کے ناشر ہیں‘ دانش گاہ علیمی R-28 سیکٹر 15-3 بفر زون کراچی-
فون نمبر--36960584 021
Munir  Bin Bashir
About the Author: Munir Bin Bashir Read More Articles by Munir Bin Bashir: 124 Articles with 333536 views B.Sc. Mechanical Engineering (UET Lahore).. View More