نواز شریف نے خود کو نااہل ثابت کیا۔۔۔؟؟؟

بہت شور شرابا برپا کیا ہوا ہے مسلم لیگ نواز نے کہ عدالت نے وزیر اعظم کو پانامہ مقدمہ کے تحت نااہل قرار نہیں دیا۔۔۔ اور عدالت نے جمعہ کے دن فیصلہ سناکر ایک بحران پیدا کرنے کی کوشش کی، عدالت کو معلوم تھا کہ اگلے دو دن چھٹی ہے، وزیر اعظم کے عہدے پر برقرار نہ رہنے سے کابینہ بھی تحلیل ہوجائے گی تو کاروبار مملکت کیسے چلیں گے؟ ملک اگلے پانچ روز تک کسی حکومت کے بغیر کیسے چلے گا،کسی ہنگامی صورتحال سے کیسے نبٹا جائے گا؟نون لیگیوں کا حق بنتا ہے کہ وہ عدالت سے سوالات کریں مگر انہیں خود بھی کچھ سوالات کے جوابات دینے ہوں گے۔

سوال ہو رہا ہے کہ مسلم لیگ اور اس کے سربراہ کو علم تھا کہ پانامہ کیس میں عدالت عظمی نے فیصلہ محفوظ کیا ہوا ہے، اور اس فیصلے کا اعلان کسی بھی وقت ہونے کے امکانات موجود تھے، تو مسلم لیگ نواز اور اس کے سربراہ نے کیوں کر حکمت عملی ترتیب نہ دی؟ فیصلے کے دو امکانات ہو سکتے تھے ،ایک نواز شریف اور ان کے خاندان کے حق میں اور دوسرا ان کے خلاف۔۔۔ میڈیا پر ماہرین قانون و آئین برملا اظہار کرتے رہے کہ وزیر اعطم نااہل ہو سکتے ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف کو چاہیے تھا کہ وہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس بلا کر اس میں عبوی ر وزیر اعظم کے نام کو فائنل کرتے اور صدر مملکت کو ایڈوائس دیکر جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلوانے کا نوٹیفیکیشن کا اجراء کرواتے ،اور اس اجلاس کو جمعہ اور ہفتہ تک چلایا جاتا، جمعہ کے روز عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد قومی اسمبلی نواز شریف کی طے کردہ حکمت عملی کے مطابق عبوری وزیر اعظم کا انتخاب اتوار کو بھی عمل میں لا سکتی تھی۔

اس طرح پیر منگل کو وطن عزیز حکومت اور سربراہ حکومت سے خالی نہ رہتا،ویسے مسلم لیگ نواز اور ان کے راہنماؤں سے دریافت کیا جا سکتا ہے کہ خدا نا خواسطہ اگر نواز شریف کو اوپر سے اچانک بلاوا آجاتا تو پھر بھی تو ملک نے کئی دن تک سربریراہ حکومت کے بغیر چلنا تھا،تو اس صورتحال میں وہ کس سے شکوہ شکایت کرتے؟ دنیا بھر کے جمہوری ممالک نے اپنے دساتیر میں اس قسم کی ہنگامی صورتحال سے نبٹنے کے لیے صدر کے ساتھ نائب صد ر اور وز اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم کے عہدے رکھے ہوئے ہیں ، جو کسی بھی راہنما کے لیے پیدا ہونے والے ہنگامی حالات میں اپن�آائینی کردار ادا کرتے ہیں۔
پاکستان شائد دنیا کا واحد ملک ہے جہاں نائب صدر اور نائب وزارت عظمی کے عہدے نہیں رکھے گئے، ایسا وطن اور جمہوریت کی محبت میں نہیں کیا گیا ایسا صرف اور صرف اقتدار کو اپنی ذات تک محدود رکھنے کی نیت اور عزائم کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ سینٹ آف پاکستان کے چیئرمین بلحاظ عہدہ نائب صدر ہیں، چلو مان لیا کہ ایسا ہی ہے لیکن وزیر اعظم کا نائب کون ہے؟ سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ قائد اعظم کے راہنما چودہری پرویز الہی کو ڈپٹی پرائم منسٹر مقرر کیا تھا، یہ سب ایک انتظامی حکم نامے کے تحت تھا،اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت کے خاتمے کے ساتھ ہی ڈپٹی پرائم منسٹر کا عہدہ ختم ہوگیا۔ آئین میں ترمیم کرکے یا اٹھارویں ترمیم کی منظوری کے وقت نائب وزیر اعظم یا ڈپٹی پرائم منسٹر کا عہدہ پیدا کیا جا سکتا تھا۔اور جیسے جنرل ضیاء کی اچانک موت کے بعد سینٹ کے چیئرمین غلام اسحاق خان نے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال میں صدر مملکت کا عہدہ سنبھال کر خلا کو پر کیا تھا ایسے ہی نائب وزیر اعظم اپنی ذمہ داری نبھا سکتے ہیں، لیکن اقتدار کے مزے بلا شرکت غیرے لوٹنے والے سیاسی قائدین نے اس اہم معاملے کوئی لائق توجہ ہی نہیں سمجھا، ،جس کا خمیازہ بھگتا جا رہا ہے۔

ایسے ہی جمہوری حلقے جن کی خواہش ہے کہ ملک میں جمہوری عمل چلتا رہے، جمہوریت اور جمہوری ادارے استحکام حاصل کریں،وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ آئین کے آرٹیکل 62-63 جو ایک آمر اور غیر جمہوری حکمران کی آخری نشانی کے طور پر آئین میں موجود ہے ،کو از سرنو دیکھا اور پرکھا جائے اسکی تشریح کو واضح کیا جائے، اور سیاستدان دل بڑا کرکے آئین میں سینٹ کے چیئرمین کے علاوہ نائب صدر اور نائب وزیر اعظم کے عہدے پیدا کریں تاکہ ملک وقوم کسی بڑی پریشانی سے محفوظ رہ سکیں۔

یہ تو آئینی ماہرین اور پارلیمنٹرین ہی بتا سکتے ہیں کہ اگر آئین میں نائب وزیر اعظم کے عہدے کی گنجائش پیدا کرلی جائے تو کسی بھی وزیر اعظم کے انتقال یا نااہلی کی صورت میں باقی کابینہ تحلیل ہونے سے بچ جائے گی یا نہیں؟ میرا خیال ہے کہ صدر مملکت نائب وزیر اعطم کو نئے وزیر اعظم کے انتخاب تک کام جا ری رکھنے کی ہدایت کر سکتے ہیں، عبوری وزیر اعطم اور آئندہ کے لیے مستقل وزیر اعظم شہباز شریف کو اس بارے غور وفکر ضرور کرنا چاہیے،کیونکہ یہ سودا ملک وقوم کے حق میں بہتر ہوگا ۔۔۔بس فرق صرف یہ پڑیگا کہ وزیر اعطم کو اختیار ات میں کمی برداشت کرنا ہوگی۔

سیانے کہتے ہیں کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جس کی نگاہ منزل پر ہو، کروڑوں عوام اپنے میں سے ان شخصیات کو اپنی قیادت، راہنمائی اور رہبری کے لیے منتخب کرتے ہیں جن کے متعلق ان کی پختہ رائے ہوتی ہے کہ یہ انہین اور ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال لیں گے، اور انہیں درپیش دگرگوں مشکلات سے نجات دلائیں گے، اور ان کی منتخب کردہ شخصیات ملک و قوم کو ترقی اور خوشحال کی شاہراہ پر گامزن کرنے کی پوری اہلیت رکھتے ہیں، وطن عزیز کو عالمی سطح پراعلی مقام دلانے کی صلاحیتوں سے یہ مالا مال ہیں، اور عوام اپنے منتخب قائدین ،راہنماؤں اور رپبروں سے یہ بھی توقعات وابستہ رکھتے ہیں کہ یہ ان کے اعتماد ،بھروسے اور یقین کا ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔
 

Anwer Abbas Anwer
About the Author: Anwer Abbas Anwer Read More Articles by Anwer Abbas Anwer: 203 Articles with 160971 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.