تبلیغ(فلسفیئے)

۱۔ جیسی برائیاں تبلیغ کرنے والوں میں ہوں گی، ویسی تبلیغ سننے والوں میں بھی ہوں گی۔
۲۔ تبلیغ یا نصیحت کرنے والوں میں ایک احساس برتری کا بھی ہو سکتا ہے۔
۳۔ تبلیغ اور نصیحت ہمیشہ رہی ہے، ہمیشہ رہے گی۔
۴۔ بعض اوقات تبلیغ سننے والے تبلیغ کرنے والوں سے زیادہ بہتر ہو جاتے ہیں۔
۵۔ لفظ ’تبلیغ ‘کا لغوی معنی ابلاغ یعنی پہنچا دینا ہے۔
۶۔ تبلیغ کرنے کے پیچھے ایک جذبہ ہوتا ہے۔
۷۔ تبلیغ کا اثر، اکثر اپنوں کی بجائے بیگانوں پر زیادہ ہوتا ہے۔
۸۔ تبلیغ کرنا جہاد جیسی عبادت ہے۔
۹۔ عمل سے تبلیغ کرنا ، لفظ سے تبلیغ کرنے سے زیادہ مشکل لیکن پر اثر ہوتا ہے۔
۱۰۔ ہر مذہب، اور نظریئے کے لوگ اپنے مذہب اور نظریئے کی تبلیغ کرتے ہیں۔
۱۱۔ اکثر و بیشتر تبلیغ سے توقع سے کم ہی ریسپانس ملتا ہے۔
۱۲۔ تبلیغ بنیادی طور پر انبیائے کرام اور نیک لوگوں کا پیشہ اور شیوا ہے۔
۱۳۔ تبلیغ سے ایک پیغام ہزاروں میل دور اور صدیوں بعد کے زمانوں تک پہنچ جاتا ہے۔
۱۴۔ سیاسی جلسے بھی ایک قسم کی نظریاتی تبلیغ کا رول پلے کرتے ہیں۔
۱۵۔ تعلیمی ادارے اپنے ملک اور مذہب کے نظریات کی تبلیغ کرتے ہیں۔
۱۶۔ اساتذہ، ملکی اور مذہبی نظریات کی تبلیغ کا موئثر ذریعہ ہیں۔
۱۷۔ ایک نسل کااپنے نظریات دوسری نسل کو منتقل کرنا ایک فطرتی عمل ہے۔
۱۸۔ حال، ماضی سے مستقبل کی طرف، ایک پُل کی طرح نظریات، عقائد اور رسومات کا ابلاغ کرتا ہے۔
۱۹۔ اکثر بڑے ہی چھوٹوں کو تبلیغ کرتے نظر آتے ہیں اور اچھے بھی لگتے ہیں۔
۲۰۔ جدید علوم میں چھوٹے بھی بڑوں کے استاد بن چکے ہیں۔
۲۱۔ تمام علوم تبلیغ کی بدولت اپنا وجود قائم رکھ پاتے ہیں۔
۲۲۔ کتاب ، کسی سوچ اور علم کی خاموش تبلیغ ہے۔
۲۳۔ مذہبی عقائد کی تبلیغ ہر دوسرے موضوع مثلاً فلسفہ وغیرہ سے زیادہ ہوئی ہے۔
۲۴۔ مذہبی تبلیغ میں آخرت کا ثواب اور ذہنی سکون زیادہ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
۲۵۔ تبلیغ کرنے والے کی اس کو ماننے والے ہمیشہ سے بہت توقیر کرتے رہے ہیں۔
۲۶۔ تبلیغ سننا بھی بہت صبر آزما کام ہے، خاص طور پر جب سننے کو دل نہ کر رہا ہو۔
۲۷۔ تبلیغ کا پیشہ زیادہ تر غریب لوگ اپناتے رہے ہیں۔
۲۸۔ امیر لوگ تبلیغ کرنے کی طرف کم آتے ہیں ، سن لیتے ہیں۔
۲۹۔ نوجوان ،کسی بھی مذہب یا نظریئے کے زیادہ جذباتی مبلغ بنتے ہیں۔
۳۰۔ عورتوں کا تبلیغ کے حوالے سے رول بہت محدود رہا ہے۔
۳۱۔ تبلیغ کے لئے اکثر سفر کرنا ہی پڑتا ہے۔
۳۲۔ اس سفر کی بدولت کئی تمدن آپس میں ملتے ہیں۔
۳۳۔ زبان کا اچھا استعمال تبلیغ کی اثر آفرینی بڑھا دیتا ہے۔
۳۴۔ تبلیغ کے لئے مناسب وقت کا خیال رکھنا کافی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
۳۵۔ اکثر تبلیغ کرنے والے ،سننے والوں کی نفسیات کا خیال نہیں رکھتے۔
۳۶۔ یونانیوں کی مذہبی رسومات سے ڈرامے نے جنم لیا، جس کے ذریعے وہ اپنے مذہب کی تبلیغ کیا کرتے۔
۳۷۔ یورپ میں عیسائی چرچ میں تبلیغ کی غرض سے ڈرامے کو ترویج ملی۔
۳۸۔ ادب نے مختلف مذاہب اور نظریات کی تبلیغ اور اشاعت میں پورا پورا کردار ادا کیا ہے۔
۳۹۔ ہرادب کسی نہ کسی قسم کی تبلیغ ہوتا ہے۔
۴۰۔ تبلیغ اور انسان کبھی جدا نہیں ہو سکتے۔
۴۱۔ تبلیغ کرنا اور تبلیغ سننا ،انسان کا خاصہ ہے۔
 

Niamat Ali
About the Author: Niamat Ali Read More Articles by Niamat Ali: 178 Articles with 284439 views LIKE POETRY, AND GOOD PIECES OF WRITINGS.. View More