کیاٹرمپ امریکا کے قومی مفاد کی خاطر روس کے ساتھ تعلقات
میں بہتری لاسکتے ہیں؟لیکن اس کیلئے سرد جنگ کے دوران اپنائے گئے اصولوں کی
طرف لوٹناہوگا۔امریکی صدور کی پہلی ذمہ داری امریکاکادفاع ہے۔ ایک ایسی
دنیامیں جس میں روسی صدرایسے جوہری اثاثوں کوکمانڈ کررہا ہوجوامریکاکوصفحہ
ہستی سے مٹا دیں توایسا تعاون ناگزیرہوجاتاہے جوحالات کواس نہج تک پہنچنے
سے روکے۔ تیزی سے اپنی کھوئی ہوئی سیاسی قوت کودوبارہ حاصل کرنے میں
کامیابی کے بعدروس جیسی عسکری قوت سے تعاون انتہائی تکلیف دہ دکھائی دیتاہے
لیکن امریکاکودفاع سے مقدم کوئی چیزنہیں۔
سرد جنگ کی طرح آج بھی امریکااورروس کے بہت سے قومی مفاد ات میں اشتراک
پایاجاتاہے۔ اکیسویں صدی کے زیادہ ترقارئین اس صدی کوحتمی طورپر آخری صدی
سمجھ رہے ہوں گے لیکن شایدوہ سردجنگ کے تنا ؤسے واقف نہیں۔ ١٩٩١ء میں
سردجنگ ختم ہوئی توبیشتر روسیوں اورامریکیوں کی یہی رائے تھی کہ جوہری
ہتھیاروں کیلئے بہترین جگہ اب ردی کی ٹوکری ہے مگریہ سوچ ایک خطرناک غلطی
فہمی تھی۔ اگرچہ سوویت یونین دنیاکے نقشے سے تحلیل ہوچکا تھا لیکن اس کے
ہتھیاروں کے ذخائر کہیں نہیں گئے تھے۔ پلوٹونیم کی آدھی عمر چوبیس ہزارسال
ہے اس لیے خاطرجمع رکھیں کہ جوہری ہتھیارکافی عرصے تک ہماراساتھ نہیں
چھوڑیں گے۔ اس لیے آنے والی بہت سی صدیوں تک ہمیں جذبات کے گھوڑوں کو لگام
دینا ہے۔
٢٠١٦ء کے صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت،مشرقی یوکرائن کوعدم استحکام سے
دوچار کرنے اوربالٹک کے خطے میں امریکی اورنیٹوفورسزکے مقابلے میں فوجی
دستے کھڑے کرنے کی پاداش میں روس کوسزادینے کی باتیں کرنے والے ایک بنیادی
سوال کوفراموش کررہے ہیں کہ آپ سزادینے کیلئے جوتھپڑ ماریں گے اس کے جواب
میں کیاہوگا؟ کسی بھی کارروائی پرروس کا ردّعمل کیا ہوگا؟اور سب سے اہم بات
یہ ہے کہ کیاروس کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کے نتیجے میں امریکاپہلے سے
زیادہ محفوظ ہوچکاہوگا؟ بسمارک نے تو شطرنج کھیلتے ہوئے بھی ایک وقت میں
ایک سے زیادہ چالیں چلنے کاسوچنے سے منع کیا تھا۔
سرد جنگ کے عروج کے زمانے میں ریگن سوویت یونین کو ایک شیطانی طاقت کانام
دیتے تھے اوراسے شکست سے دوچارکرنے کاعزم رکھتے تھے لیکن اس کے ساتھ ساتھ
وہ یہ بھی جانتے تھے کہ جوہری جنگ کبھی نہیں جیتی جاسکتی اورنوبت کسی بھی
طوریہاں تک نہیں پہنچنی چاہیے۔اس کامطلب ہے کہ اس وقت امریکابہت جامع
اورقابل اعتبارواعتماد حکمت عملی رکھتاتھا۔اگراس وقت امریکا اورسوویت یونین
میں جوہری تصادم ہوجاتاتوامریکااپنے دشمن کوتباہ کرسکتا تھا مگراس کے نتیجے
میں وہ خودبھی نیست ونابودہوجاتا۔اس کامطلب یہ ہے کہ جوہری جنگ کبھی نہیں
ہوگی کہ اس میں کوئی فاتح قرارنہیں پاسکتا۔اگر مثال کے طورپرکسی بھی ریاست
کی طرف سے حادثاتی طورپرجوہری ہتھیارکا بٹن دب جاتاہے یاکوئی ریاست دوسرے
کے عزائم کا غلط اندازہ لگالیتی ہے یا دونوں کے درمیان روایتی جنگ شدت
اختیارکرتے ہوئے جوہری تصادم کی طرف چلی جاتی ہے توامریکاکی تباہی یقینی ہے
اگر روسی لیڈرخطرناک اقدامات کرتے ہیں، جیسا کہ خروشیف نے کیوبا میں جوہری
میزائل نصب کیے تھےتونتیجہ جوہری جنگ کے سواکچھ نہ نکلے گااور یہ نتیجہ بھی
واشنگٹن کیلئے ناقابل برداشت تباہی لائے گا۔
موجودہ وائس چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف پال سیلواکاکہناہے
کہ''افراداوراقوام کے درمیان غلط فہمیاں پیداکرنی ہوں توہرقسم کاابلاغ
منقطع کردیں۔ ٹیکنالوجی نے امریکاکیلئے ناقابل برداشت ریاست روس کاوجودبھی
ناگزیربنادیاہے۔ یہ تزویراتی حقیقت اپنی جگہ ہے اورمستقبل قریب میں اس کے
تبدیل ہونے کاکوئی امکان نہیں کہ روس کواس وقت تک مکمل طورپرتباہ نہیں کیا
جا سکتا جب تک ہم خودکشی پرآمادہ نہ ہوں۔ ہمارے جوشیلے پالیسی سازیہ چیز
جتنی جلد سمجھ لیں اتناہی بہترہوگا۔ سردجنگ کے پالیسی سازوں نے ان حالات
میں جینااوربچاؤکرناسیکھ لیاتھا۔وہ احتیاط،ابلاغ،مفاہمت،تعاون اورضبطِ نفس
کی عادات راسخ کرچکے تھے۔احتیاط اس لیے ضروری تھی کہ حادثاتی طورپربھی
قیامت خیزجوہری آتش فشاں پھٹ سکتاتھا۔انتہائی حریف ریاستوں کے درمیان بھی
ابلاغ غلط فہمیوں کوکسی حدتک دورکرسکتا ہے''۔
خودپرکنٹرول اورضبط کرتے ہوئے ان اقدامات سے گریزکرناجوفوجی تصادم کی راہ
ہموارکرسکتے ہیں ،بہت ضروری ہے۔ ان میں ہتھیاروں کے کنٹرول کے معاہدے بھی
شامل ہیں۔ مفاہمت تک نوبت مذاکرات کے دوران پہنچتی ہے اوراس میں وسیع
ترمفادیاتحفظ کی خاطرایسے حقائق کوبھی قبول کرناپڑتاہے جو عام حالات میں
ناقابل برداشت ہوتے ہیں۔سردجنگ کے دوران اسی طرح کی ایک وسیع ترمفاہمت کے
پیش نظرروس کامشرقی یورپ پرغلبہ قبول کرلیا گیا تھا۔ مشرقی یورپ پرلچک
دکھاتے ہوئے اس ہولناک تصادم سے گریزکیاگیا جس کے نتیجے میں امریکااورمغربی
یورپ تباہ ہوسکتے تھے۔اس کامطلب ہے کہ فریقین کھلے اورپوشیدہ تعاون کی
گنجائش کبھی ہاتھ سے نہ جانے دیں۔وسیع ترامورمیں تعاون کی راہ تلاش کی
جاسکتی ہے جیسا کہ عالمی سطح پر جوہری عدم پھیلاؤ کا معاہدہ یااسی طرح کے
دیگرباہمی دلچسپی کے امور۔
صدراوبامانے اس عزم کے ساتھ اقتدارسنبھالاتھا کہ وہ روس کے ساتھ تعلقات کا
ازسرنوجائزہ لیں گے اورعالمی امورمیں جوہری ہتھیاروں کاکردارکم سے کم کرنے
کی راہ نکالیں گے۔جب وہ آٹھ سال بعدمنصب سے الگ ہوئے تب روس اور امریکاکے
تعلقات انتہائی نچلی سطح پرتھے اوریورپ میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال
کاامکان عام مباحثے کاحصہ بن چکاتھاجس کیلئے امریکی پیوٹن کوموردِ الزام
ٹھہراتے ہیں لیکن امریکیوں کیلئے جانچ کاپیمانہ یہ ہے کہ کیاوہ اس سے زیادہ
محفوظ ہیں جتنے آٹھ سال پہلے تھے؟کیاپیوٹن کوایک خوفناک کردارکے طورپرپیش
کرنے کی صدراوباماکی پالیسی کانتیجہ امریکا کے حق میں اچھانکلا
یابرا؟کیایوکرائن،مشرق ِوسطی،مشرقی یورپ اوردیگرمعاملات میں روس کوسزا دینے
کی باتیں کرکے امریکاکاگراف بلندہوایا نیچے؟آج ٹرمپ کے پاس موقع ہے کہ وہ
اوباما کے اقدامات سے پیچھے ہٹتے ہوئے امریکاکومحفوظ بنائیں۔ اس کیلئے بہتر
ین فارمولاوہی ہے جوسردجنگ کے دوران کام دیتارہاکیونکہ اس وقت امریکاکسی
نئے تجربے کے متحمل نہیں ہوسکتا جبکہ شمالی کوریاکے جوہری تجربات نے
خودامریکااوراس کے حلیفوں میں شدید سراسیمگی پیداکردی ہے ۔ان حالات میں پاک
چین اقتصادی کوریڈورپرپہلی مرتبہ امریکانے عملاً بھارتی زبان استعمال کرتے
ہوئے براہِ راست چین کوجوپیغام دیاہے،چین نے فوری جواب دیکراپنامؤقف واضح
کردیاہے۔اب امریکی خارجہ سیکرٹری اپنے فوجی جرنیلوں اورسفیروں کے ہمراہ
پاکستان آرہے ہیں جس کے بعدخطے کی قسمت کافیصلہ متوقع ہے جویقیناًاس مرتبہ
امریکی خواہشات کے برعکس ہوگا۔ |