سورہ اعلى اردو ترجمہ اور آڈیو Mp3 - یہ سورہ نمبر 87 ہے اور یہ 19 آیات پر مشتمل ہے- یہاں آن لائن سورہ اعلى اردو ترجمہ اور تعارف بھی موجود ہے- یہ مکی سورہ ہے جو کہ پارہ نمبر 30 میں موجود ہے-
عربی عبدالرحمان السدیس اور سعود الشریم اور اردو ترجمہ فتح محمد جالندھری
شروع الله کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے ِ
(اے پیغمبر) اپنے پروردگار جلیل الشان کے نام کی تسبیح کرو ﴿۱﴾ جس نے (انسان کو) بنایا پھر( اس کے اعضاء کو) درست کیا ﴿۲﴾ اور جس نے( اس کا)اندازہ ٹہرایا (پھر اس کو) رستہ بتایا ﴿۳﴾ اور جس نے چارہ اگایا ﴿۴﴾ پھر اس کو سیاہ رنگ کا کوڑا کر دیا ﴿۵﴾ ہم تمہیں پڑھا دیں گے کہ تم فراموش نہ کرو گے ﴿۶﴾ مگر جو خدا چاہے۔ وہ کھلی بات کو بھی جانتا ہے اور چھپی کو بھی ﴿۷﴾ ہم تم کو آسان طریقے کی توفیق دیں گے ﴿۸﴾ سو جہاں تک نصیحت (کے) نافع( ہونے کی امید) ہو نصیحت کرتے رہو ﴿۹﴾ جو خوف رکھتا ہے وہ تو نصیحت پکڑے گا ﴿۱۰﴾ اور (بےخوف) بدبخت پہلو تہی کرے گا ﴿۱۱﴾ جو (قیامت کو) بڑی (تیز) آگ میں داخل ہو گا ﴿۱۲﴾ پھر وہاں نہ مرے گا اور نہ جئے گا ﴿۱۳﴾ بے شک وہ مراد کو پہنچ گیا جو پاک ہوا ﴿۱۴﴾ اور اپنے پروردگار کے نام کا ذکر کرتا رہا اور نماز پڑھتا رہا ﴿۱۵﴾ مگر تم لوگ تو دنیا کی زندگی کو اختیار کرتے ہو ﴿۱۶﴾ حالانکہ آخرت بہت بہتر اور پائندہ تر ہے ﴿۱۷﴾ یہ بات پہلے صحیفوں میں (مرقوم) ہے ﴿۱۸﴾ (یعنی) ابراہیم اور موسیٰ کے صحیفوں میں ﴿۱۹﴾