امریکی قونصلیٹ کراچی میں سندھ کے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کی استعداد سازی کے لیے تربیتی نشست

image
کراچی:امریکی قونصلیٹ میں سندھ کے نومنتخب بلدیاتی عہدے داروں کی استعداد سازی کے لیے تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی، جس میں لاڑکانہ، سکھر، ٹھٹھہ، بدین اور ملیر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ہیوسٹن کی سٹی کونسل کے تین بار رکن رہنے والے ایم جے خان نے ورچوئل ورکشاپ میں امریکا سے شرکت کی اور شرکا کو امریکا میں مقامی حکومت کے نظام کے بارے میں بتایا۔ انھوں نے سندھ کے بلدیاتی نمائندوں کو آگاہ کیا کہ محاصل کی پیداوار، قانون سازی، مواصلات، رابطہ کاری، افرادی قوت کے نظم ونسق ، انتظامی امور کی انجام دہی اور کمیونٹی کی شمولیت ہی مقامی حکومت کی مؤثر فعالیت کو یقینی بناتے ہیں۔

امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومت جمہوری سیاسی نظام کے استحکام میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے کیونکہ مقامی سطح پر منتخب افراد اپنے اپنے حلقوں کے مسائل کے بارے میں مؤثر طریقے سے آواز اٹھا سکتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ‘‘ آپ لوگ اپنی مقامی آبادی کو دوسروں کی نسبت بہتر طور پر جانتے ہیں اور مسائل کا قریب سے مشاہدہ کرتے ہیں۔’’

ورکشاپ کے شرکا میں ملیر کراچی کے چیئرمین ضلع کونسل سلمان مراد بلوچ، سکھر کے میئر ارسلان شیخ، لاڑکانہ کے میئر اسلم شیخ، چیئرمین ضلع کونسل خیرپور شہریار وسان اور درجنوں منتخب بلدیاتی نمائندے، حکومتی عہدے دار اور صحافی شامل تھے۔
 


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US