پاکستان تحریکِ انصاف کے سابق رہنماؤں نے بانیِ تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے لیے ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں اور اہم شخصیات سے رابطوں کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں پی ٹی آئی کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے پارٹی کے متعدد سابق رہنماؤں نے ملاقات کی جس کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں فواد چوہدری، عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی، سبطین خان سمیت دیگر رہنما شریک تھے جنہوں نے ریلیز عمران خان کے عنوان سے ایک رابطہ مہم شروع کرنے پر اتفاق کیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ رابطہ مہم سیاسی درجہ حرارت کم کرنے اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کا حصہ ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق رہنماؤں نے نہ صرف عمران خان بلکہ شاہ محمود قریشی کی رہائی کے لیے بھی سرگرم کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی کی سابق قیادت نے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت، مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا فیصلہ کیا ہے۔ فواد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی وفد جلد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا تاکہ ملک میں سیاسی کشیدگی کو کم کرنے پر بات چیت کی جا سکے۔
ملاقات کے دوران سابق رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ پی ٹی آئی قیادت عمران خان کی رہائی میں مؤثر کردار ادا نہیں کر پا رہی اس لیے پارٹی کے پرانے اور سینئر چہروں کو متحرک کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، رہنماؤں نے اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید، اور عمر سرفراز چیمہ سے بھی ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔