ریاض: عُمرہ ادائیگی کے حوالے سے سعودی حکومت کی جانب سے عوام کے لئے بڑی خوشخبری آگئی۔
سعودی عرب نے اتوار 4 اکتوبر 17 صفر 1442ھ سے عمرہ اور زیارت کی اجازت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ عمرے کی ادائیگی مرحلہ وار بحال کی جائے گا۔ اندرون مملکت سے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو عمرہ اور زیارت کی اجازت ہوگی۔
سعودی خبررساں ادارے کی رپورٹ ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بروز منگل اپنے بیان میں کہا کہ دُنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے عمرہ و زیارت کی ادائیگی کی اجازت کی آرزو اور کووڈ 19 کی تازہ صورتحال کے پیش نظر سعودی قیادت نے عمرہ اور زیارت کی مرحلہ وار تدریجی اجازت دی ہے۔
سعودی حکومت کے احکامات کے مطابق عمرہ اور زیارت کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا کرنا لازمی ہوگا اور طبی ضوابط کے تحت ماسک کا استعمال، سماجی فاصلے اور اشیاء کو نہ چھونے کا اہتمام کرنا ضروری ہوگا، یہ اِجازت مرحلہ وار ہوگی۔ عمرے کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت چار مرحلوں میں تدریجی طور پر دی جائے گی۔
بیرون ملک سے معتمرین کو یکم نومبر سے عمرہ کی اجازت ہوگی، اُس وقت روزانہ کی بنیاد پر تعداد 20 ہزار تک بڑھائی جائے گی جبکہ 60 ہزار افراد کو مسجدالحرام میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چوتھے مرحلے میں عمرہ، زیارت اور نماز ادا کرنے کی سو فیصد اِجازت ہو گی، یہ اجازت اس وقت دی جائے گی جب متعلقہ حکام کورونا وائرس کے خطرات سے متعلق تفصیلی جائزہ لیں گے۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کے باعث مارچ میں عمرے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔