کیوں مارنا چاہتے ہو مجھے، میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں۔۔۔ مشہور شخصیات کے دنیا سے رخصت ہونے سے قبل رنج سے بھرے آخری الفاظ کیا تھے؟

image

ساری زندگی ہماری یہ خواہش ہوتی ہے کہ جب ہم اپنی آخری سانسیں لے رہے ہوں تو زبان پر کلمہ طیبہ ہو، لیکن وہ وقت ایسا ہوتا ہے جب آپ اس قدر شدید تکلیف میں ہوتے ہیں کہ جو دل اور دماغ میں ہوتا ہے وہ ہی زبان پر بھی آتا ہے۔ جب بھی مشہور شخصیات کا انتقال ہوتا ہے تو ان کی زبان سے ادا کیے گئے آخری الفاظ تاریخ میں امر ہوجاتے ہیں۔ اپنی زندگی کے آخری لمحات میں ادا کیے گئے الفاظ بہت اثر رکھتے ہیں۔

آج ہم آپ کو چند مشہور شخصیات کے بارے میں بتائیں گے کے انتقال کے وقت ان کے آخری الفاظ کیا تھے؟

1) لیاقت علی خان:

ہمارے پیارے وطن پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان تھے جن کو 16 اکتوبر 1951 کو قتل کردیا گیا تھا۔ لیاقت علی پر راولپنڈی میں ایک جلسے کے دوران فائرنگ کی گئی تھی جس کے بعد وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔ موصول ہوئی اطلاعات کے مطابق دنیا سے رخصت ہونے سے قبل ان کے آخری الفاظ یہ تھے ''اللّٰہ پاکستان کی حفاظت کرے''۔

2) قائداعظم:

پاکستان کی بنیاد رکھنے والے بانی پاکستان محمد علی جناح ملک بننے کے محض ایک سال بعد ہی دنیا سے رخصت ہوگئے، پروفیسر ڈاکٹر الہیٰ بخش نے اپنی کتاب ' With the Quaid-i-Azam during his last days ' میں لکھا ہے کہ انتقال کے وقت قائداعظم کے آخری الفاظ ''میں اب نہیں'' تھے۔

3) امجد صابری:

امجد صابری کو کون نہیں جانتا، مشہور قوال ماہِ مبارک رمضان میں اس فانی دنیا سے رخصت ہوئے، ان کو کراچی میں گھر کے نزدیک اس وقت فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا جب یہ رمضان کے پروگرام میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، رپورٹس کے مطابق امجد صابری نے حملہ آوروں سے سوال کیا تھا کہ ''کیوں مارنا چاہتے ہو مجھے، میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں''۔ یہ ہی ان کی زندگی میں ادا کیے گئے آخری الفاظ تھے۔

صدام حسین:( 4

2006 میں صدام حسین کو 69 برس کی عمر میں موت کی سزا سنائی گئی۔ انہوں نے آخری لمحات میں تختہ دار پر چڑھنے کے بعد کلمہ طیبہ پڑھا ''میں قسم کھاتا ہوں کہ اللّٰہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد۔۔ '' ان کے آخری الفاظ مکمل ہی نہ ہو سکے تھے کہ ان کی روح جسم سے جدا ہوگئی۔

5) بے نظیر بھٹو:

پاکستان کی بہادر اور نڈر سیاستدان بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 میں ایک جلسے کے دوران فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا، ان کے ساتھ موجود ڈاکٹر صفدر محمود نے بتایا کہ انہوں نے اپنے اوپر حملہ ہونے سے قبل ''جئے بھٹو'' کے الفاظ ادا کئے تھے۔

6) عرفان خان:

بھارت کے معروف اداکار عرفان خان کا انتقال رواں برس کینسر کے باعث ہوا۔ آخری وقت پر ان کی اہلیہ ساتھ تھیں جن کے مطابق اداکار نے زندگی کے آخری لمحات میں یہ الفاظ ادا کیے: ''دیکھو اماں آئی ہیں، وہ میرے برابر میں بیٹھی ہیں، اماں مجھے لینے آئی ہیں''۔

7) لیڈی ڈیانا:

فرانس میں ایک گاڑی کے حادثے نے لیڈی ڈیانا کی جان لے لی، میڈیا رپورٹس کے مطابق موت سے پہلے ان کے یہ الفاظ تھے: ''میرے خدا، یہ کیا ہورہا ہے؟''


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US