سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر اینتھونی نوید کی صدارت میں شروع ہوا جس میں نئے سال میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اجلاس میں قومی کرکٹ ٹیم کی انڈر 19 کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا گیا اور افواج پاکستان کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کی مغفرت کے لیے دعا بھی شامل تھی۔
اجلاس میں محکمہ بلدیات سے سوالات اور جوابات کا سلسلہ جاری رہا۔ قاسم سراج سومرو نے بتایا کہ پرانے پبلک پارکس کے واش رومز ختم ہو گئے تھے، جنہیں دوبارہ تعمیر کیا جا رہا ہے اور صفائی کے لیے اسٹاف تعینات کیا جائے گا۔
اجلاس میں پانی کے مسائل پر بھی بات کی گئی قاسم سراج سومرو نے بتایا کہ پانی چوری کے مقدمات اب ٹربیونل میں چلیں گے اور ایکٹ میں ترامیم لا کر سخت سزاؤں کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے تھر میں چھوٹے ڈیمز کا معائنہ کر کے منصوبہ کے فور کے تحت ایک سال میں مکمل ہونے اور کراچی کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اجلاس میں عوامی سہولیات، پبلک ٹوائلٹس اور پانی کے تحفظ کے منصوبوں پر تفصیلی بحث ہوئی۔