آج کل مہنگے اسمارٹ موبائل فون رکھنے کا شوق کس کو نہیں ہے، لیکن اگر یہی مہنگا اسمارٹ فون گُم یا چوری ہو جائے تو شدید پریشانی سے گزرنا پڑتا ہے۔
ہمارے ملک میں اسمارٹ موبائل صارفین کی پریشانی کی وجہ ایک تو مہنگے فون کا چِھن جانا ہے جبکہ دوسری بڑی وجہ فون میں محفوظ اپنے اہم ڈیٹا سے محروم ہو جانا ہے۔
لیکن اب پریشانی کی کوئی بات نہیں کیونکہ ہماری ویب ہمیشہ سے ہی آپ کے مسائل کا حل پیش کرتی آئی ہے اور اس مسئلے کا حل بھی آج ہم آپ کو بتانے والے ہیں، کیا آپ کو معلوم ہے کہ اینڈرائیڈ فون کے اندر ہی ایسے فیچرز ہیں جن کے استعمال سے آپ اپنا کھویا ہوا فون واپس حاصل کر سکتے ہیں؟
پہلے یہ جان لیں کہ فون کھونے سے قبل کن ہدایات پر عمل کر کے آپ اپنی پریشانی کو کچھ کم کر سکتے ہیں۔
سب سے پہلے تو اپنے اسمارٹ فون پر مضبوط پاسورڈ یا پھر اپنا فنگر پرنٹ لاک لگائیں، یہ بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ فیس ریکوگنیشن فیچر کو سیکیورٹی کے لیے استعمال نہ کریں کیونکہ کوئی بھی آپ کی تصویر دکھا کر فون ان لاک کرسکتا ہے۔
مضبوط پاسورڈ لگانا اس لیے ضروری ہے تا کہ کسی بھی شخص کو آپ کے فون میں موجود ای میلز، بینکنگ ڈیٹا تصاویر اور دیگر معلومات تک رسائی حاصل نہ ہو سکے۔
اب آتے ہیں اُس فیچر پر جس سے آپ اپنے فون کو دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں، کسی بھی اینڈرائڈ فون پر جب آپ گوگل اکاؤنٹ سے سائن ان کرتے ہیں تو فائنڈ مائی ڈیوائس کا آپشن خود بخود آن ہو جاتا ہے۔
آپ کے فون میں یہ فیچر آن ہے یا نہیں؟ چیک کرنے کیلیے فون کی سیٹنگ میں جا کر سکیورٹی اینڈ لوکیشن کے آپشن کو منتخب کریں اور وہاں 'فائنڈ مائی ڈیوائس' فیچر اگر آف ہے تو آن کر لیں۔
اب اگر آپ کا فون گُم ہو جاتا ہے تو کسی لیپ ٹاپ، کمپیوٹر یا دوسرے اینڈرائڈ فون پر گوگل اکاؤنٹ سائن ان کریں اور اینڈرائیڈ ڈاٹ کام/فائنڈ ویب سائٹ اوپن کریں۔
یہ ویب سائٹ خودکار طور پر آپ کے فون کو لوکیٹ کرنے کی کوشش کرے گی اور فون پر بھی اس بات کا الرٹ جاری کیا جائے گا کہ اس فون کو ٹریک کیا جا چُکا ہے۔
اگر فون قریب میں موجود ہے تو آپ 'پلے آ ساؤنڈ' کے آپشن کی مدد سے فون کو با آسانی ڈھونڈ سکتے ہیں،لیکن اگر بدقسمتی سے فون کو چوری کرنے کے بعد بند کر دیا گیا ہو تو اسے لوکیٹ نہیں کیا جا سکے گا لیکن جیسے ہی فون دوبارہ آن ہو کر کسی وائی فائی سے کنیکٹ ہو گا تو گوگل کی جانب سے ای میل کے ذریعے آپ کو فوری آگاہ کیا جائے گا۔
تاہم اگر آپ اپنے چوری شدہ فون کو لوکیٹ کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو اِسے ذاتی طور پر حاصل کرنے کی کوشش نہ کریں بلکہ مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد لیں۔
اور اگر ہر ممکن کوشش کے بعد بھی اِسے ڈھونڈنے کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہوں تو اپنے اسمارٹ فون کیریئر سے رابطہ کریں، آپ کے فون کو ڈیٹابیس سے ہٹا دیا جائے گا جس کے بعد دوسرا شخص اِسے استعمال نہیں کر سکے گا۔
اُمید ہے ہماری ویب کی جانب سے دی گئی یہ معلومات بھی آپ کے لئے کارآمد ثابت ہوں گی اگر آپ کو اپنے فون سے متعلق یہ معلومات پسند آئی ہے تو ہماری ویب کے فیس بُک پیج پر وزٹ کریں اور لائیک کمنٹ اور شئیر کریں۔