کراچی میں ڈکیت پولیس کے قابو سے باہر، گلستانِ جوہر ڈکیتوں کا گڑھ بن گیا، ڈاکو گھر سے لاکھوں روپے کی نقد رقم، پرائز بانڈز اور زیورات لوٹ کر فرار۔
تفصیلات کے مطابق گلستانِ جوہر بلاک 3 میں چھ ڈاکوؤں نے بنگلے میں گُھس کر ڈکیتی کی واردات کی ہے، ڈکیتی کی واردات کے بعد شہری زریاب کی مدعیت میں مقدمہ گلستانِ جوہر تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق شہری نے بیان دیا ہے کہ 6 ڈاکوئوں نے اہلخانہ کو یرغمال بنایا اور 65 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے جس میں 30 لاکھ کی نقدی رقم سمیت زیورات اور انعامی بانڈز شامل ہیں۔
مقدمہ کے متن کے مطابق جب متاثرہ شہری نے گاڑی نکالنے کے لیے بنگلے کا دروازہ کھولا تو ڈاکو گھر میں داخل ہو گئے، پہلے 2 ڈاکو اسلحہ دِکھا کر داخل ہوئے، جبکہ دیگر 4 ساتھی بعد میں بنگلے میں گُھس آئے، متاثرہ شہری نے بتایا کہ ایک ڈاکو نے شلوار قمیض جبکہ پانچ نے پینٹ شرٹ پہنے ہوئے تھے۔
ڈاکوؤں نے شناخت چھپانے کے لئے چہرے پر سرجیکل ماسک لگایا ہوا تھا، شہری کا کہنا ہے کہ ڈاکو گھر میں 20 سے 25 منٹ تک واردات کرتے رہے، جبکہ ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں کا گھر کے باہر ساتھی سے مسلسل فون پر رابطہ رہا۔