کہا جاتا ہے کہ آج کی نسل کی بہ نسبت پہلے کی نسل زیادہ عمر والی ہوتی تھی، ایک حد تک یہ بات درست بھی ہے کیوں کہ آج کے زمانے کی نسل کی عمر واقعی پہلے کے لوگوں سے کم ہوتی ہے۔
کراچی میں پیدا ہونے والا ایسا ہی ایک خاندان لندن اور دیگر ممالک میں بسا ہوا ہے جس کہ تمام 12 اراکین کی پیدائش کراچی میں ہوئی ہے اور اب ان کی اکثریت مختلف ممالک میں آباد ہے۔
یہ خاندان 'دی کروز فیملی' کے نام سے مشہور ہے اور اس خاندان کا نام اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل ہو چکا ہے، کیونکہ اس خاندان کے ان 12 افراد کو مجموعی طور پر سب سے زائد عمر والا خاندان کہا جاتا ہے۔
اس خاندان کے بہن بھائیوں کی اوسط عمر 75 سے 97 برس ہے اور اگر ان کی عمروں کو جمع کیا جائے تو وہ مجموعی طور پر 1042 برس اور 325 دن بنے گی، جو کہ سب سے زیادہ عمر والا خاندان کہلانے کے لئے کافی ہے۔
یہ خاندان منظرِ عام پر کچھ یوں آیا کہ 2018 میں جب پورا خاندان ایک جگہ جمع ہوا تو سب سے چھوٹی بہن 75 سالہ جینیا نے اپنے ایک بھانجے کی بات دوہرائی جس میں اس نے گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ سے رابطے کا مشورہ دیا تھا۔
اس وقت سب غیر یقینی انداز میں ہنسے اور اس بات کو مزاق کہہ کر ٹال دیا لیکن دو سال بعد 15 دسمبر 2020 کو خود گنیز نے ان سے رابطہ کیا اور انہیں ایک سند سے نوازا۔
یہ بارہ بہن بھائی جیسے جیسے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوتے گئے تو دنیا کے مختلف ممالک میں بستے گئے، ڈی کروز خاندان کے بہن بھائی سوئزرلینڈ، امریکہ ، کینیڈا اور لندن میں رہتے ہیں، لیکن اب بھی وہ سال میں تین مرتبہ ضرور ملتے ہیں۔
جینیا نے بتایا کہ جب وہ ڈیڑھ سال کی تھی تو ان کے والد کا انتقال ہو گیا تھا، اس طرح 22 برس میں 12 بچوں نے دنیا میں آنکھ کھولی جس کے بعد ان کی والدہ نے تمام بچوں کی پرورش کی اور انہیں پروان چڑھایا۔
اس خاندان کی کہانی میں سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تمام بہن بھائی پاکستان کے شہر کراچی میں پیدا ہوئے اور پھر یہاں سے دیگر ممالک کا رُخ کر گئے۔