ملائیشیا میں قومی ایئر لائن پی آئی اے کا طیارہ کوالالمپور ائیر پورٹ پر مقامی حکام نے قبضے میں لے لیا، طیارہ مقامی عدالت کے احکامات پر قبضے میں لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ کوالالمپور ایئر پورٹ پر روک لیا گیا ہے، پی آئی اے کی پرواز پی کے 895 کراچی سے کوالالمپور پہنچی تو کوالا لمپور کے مقامی حکام نے اسے دوبارہ اُڑان بھرنے سے روک دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس صورتحال میں جہاز کا عملہ بھی وہاں پھنس گیا ہے، بتایا جا رہا ہے کہ ملائیشیا کی عدالت نے اسے قبضے میں لینے کا حکم دیا تھا کیونکہ پی آئی اے کی جانب سے اس کی ابھی تک ادائیگی نہیں دی گئی ہے۔
ملائیشیا کی مقامی عدالت نے لیز کی ادائیگیوں سے متعلق طیارہ روکنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا، ذرائع کے مطابق لیز کی قابلِ ادا رقم کی مالیت 14 ملین ڈالرز ہے جو کہ اب تک ادا نہیں کی گئی ہے جس کی بِنا پر عدالت نے یہ حکم جاری کیا۔
ترجمان پی آئی اے نے اس واقع کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے طیارہ تحویل میں لینے کا ناخوشگوار واقعہ ہوا ہے تاہم ہم معاملے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مسئلے کے حل تک مسافروں کو مناسب سہولیات فراہم کی جائیں گی۔