گھوٹکی میں دھماکہ، رینجرز اہلکار سمیت 5 افراد زخمی

image

صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں کچرے میں آگ لگنے سے پُراسرار دھماکا، ایک رینجرز اہلکار سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں پُراسرار دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں، پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو میں اس وقت ہوا، جب نامعلوم افراد نے کچرے میں آگ لگائی۔

تاہم دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی بھاری نفری جائے حادثے پر پہنچی، دھماکے میں زخمی رینجرز اہلکار سمیت تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہاہے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم بھی طلب کر لی گئی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کچرے میں آگ سے ناکارہ آئل فلٹر پھٹا جس کے باعث دھماکا ہوا۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال اگست میں شکار پور اور جیکب آباد میں رینجرز ہیڈکوارٹرز کو بم حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US