پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹی بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی تاریخ سامنے آگئی۔
شادی کی تاریخ کا باضابطہ اعلان بلاول ہاؤس کی جانب سے نہیں کیا گیا تاہم پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی طرف سے یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ شہید بے نظیر بھٹو کی بیٹی بختاور کی شادی کی تقریبات کا آغا ز 27 جنوری سے ہوگا۔
بختاور بھٹو اور محمود چوہدری کا نکاح 29 جنوری اور ولیمہ 30 جنوری کو ہوگا۔ بھٹو خاندان کے سیاسی اختلافات بختاور بھٹو کی شادی پر بھی حل نہیں ہو سکے ہیں اور ذوالفقار علی بھٹو کی بہو غنویٰ بھٹو اور اہلخانہ کو شادی کا دعوت نامہ نہیں ملا ہے۔
گزشتہ روز شادی کے انتظامات کے حوالے سے بختاور بھٹو کے منگیتر محمود چوہدری فلائٹ ای کے 600 سے کراچی پہنچے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس 27 نومبر کو بختاور بھٹو اور محمود چوہدری کی منگنی کراچی میں بلاول ہاؤس کے احاطے میں ہوئی تھی جس میں کم لوگوں کو تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔
شادی کی تقریب میں کن مہمان خصوصی کو مدعو کیا گیا اس حوالے سے فی الحال کچھ کہا نہیں جاسکتا۔