وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے جبکہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی قومی وسائل پر دباؤ بڑھا رہی ہے جو ملک کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بہبود آبادی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکا کو بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے اور بہبود آبادی کے حوالے سے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو انسانی وسائل کی بہتری اور قومی ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا افتتاحی اجلاس جلد طلب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے پالیسی سازی کے لیے کونسل کا تنظیمی ڈھانچہ فوری طور پر مرتب کرنے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی وہ خود کریں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے جبکہ اس کا سیکرٹریٹ وزارت منصوبہ بندی میں قائم کیا جائے گا۔
شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ قومی پاپولیشن کونسل ملک بھر میں بہبود آبادی سے متعلق مؤثر آگاہی مہم چلانے اور پالیسیوں کے نفاذ میں اہم کردار ادا کرے گی۔