جب بھی کسی جوڑے کے گھر نیا بچہ آنے والا ہوتا ہے تو انہیں یہ پریشانی لاحق ہو جاتی ہے کہ پہلے سے موجود بچوں کو کیسے اس کے بارے میں بتایا جائے یا ان کے دل میں نئے بچے کے لیے کس طرح محبت پیدا کی جائے؟
کیونکہ بچوں کی یہ فطرت ہوتی ہے، انہیں ہمیشہ سے اپنے ماں باپ کی توجہ کی عادت رہی ہوتی ہے، پھر اچانک توجہ دوسری جانب مبذول ہونے پر بچہ چڑچڑا ہو جاتا ہے۔ ایسے میں ماں باپ کو کیا کرنا چاہیے؟
آج ہماری ویب تمام ماں باپ کی اس مشکل کو آسان کرنے کے لیے یہ آرٹیکل لائی ہے۔
1) محبت پیدا کرنے کے لیے کس قسم کے جملے بولے جائیں؟
ماہرین کے مطابق بچوں کو آپ جتنا جلدی بتائیں اتنا ہی بہتر ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ والدین، بچوں کا ذہن اس بات کے لیے تیار کریں کہ یہ اضافہ گھر کے لیے بہت خوشی کا باعث ہوگا۔ مثلاً بچوں کو ایسے جملے کہیں کہ ''اب تمہارے ساتھ کھیلنے کے لیے ایک اور فرد کا اضافہ ہونے والا ہے'' ، ''تمہیں بھی اب کوئی تحفے دے گا'' ، ''جس طرح ہم تمہیں سِکھاتے ہیں اب تم بھی کسی کو سِکھا سکو گے'' ، ''گھر میں اب ایک اور فرد تم سے محبت کرنے والا آئے گا''۔
2) ان کے ساتھ زیادہ وقت گزاریں
نئے بچے کی پیدائش کے بعد پہلے سے موجود بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزاریں، چونکہ پیدا ہونے والا بچہ ابھی چھوٹا ہے اور اسے زیادہ سمجھ نہیں، لہٰذا اسے اگنور کیا جا سکتا ہے لیکن بڑے بچے کو ہر بات زیادہ محسوس ہوتی ہے۔
3) ان کے سامنے آنے والے بچے کا زیادہ ذکر نہ کریں
زیادہ تذکرہ نفرت کا باعث بنتا ہے۔ کچھ والدین بار بار اپنے آنے والے بچے کا ذکر آپس میں کر رہے ہوتے ہیں، یہ سوچے سمجھے بغیر کے ان کے دوسرے بچے پر کیا اثر پڑے گا؟ لہٰذا ایسا ہرگز نہ کریں ورنہ بچے کے دل میں اپنے آنے والے بہن بھائی کے لیے نفرت پیدا ہو سکتی ہے۔
4) ان سے ہمیشہ پیار سے بات کریں اور نظر انداز نہ کریں
اکثر ماں اور باپ دونوں ہی نئے بچوں کے ساتھ اتنا مصروف ہو جاتے ہیں کہ اپنے بڑے بچے کو نظر انداز کر دیتے ہیں، ایسی غلطی بالکل نہ کریں۔ بچوں کو بھرپور توجہ دیں ورنہ اس سے وہ احساسِ کمتری کا شکار ہو سکتے ہیں۔
٭ اس حوالے سے اپنی قیمتی رائے کا اظہار ہماری ویب کے فیسبک پیج پر کمنٹ سیکشن میں لازمی کریں۔