پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے، ملک بھر میں کل پہلا روزہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے رمضان المبارک کے حوالے سے باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔
کل بروز بدھ مورخہ 14 اپریل 2021 کوپاکستان میں پہلا روزہ ہوگا۔ اس سال وفاقی وزیرِ اطلاعات و سائنس فواد چوہدی کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ اس سال ملک بھر میں روزہ ایک ہی دن رکھا جائے گا اور ایک ہی دن عید منائی جائے گی، جس کے بعد اب کل پشاور سمیت ملک بھر میں پہلا روزہ ہوگا اور اس تاریخ کے مطابق 14 مئی یا پھر چاند کے 29 دن کے حساب سے 15 مئی کو عیدالفطر منائی جائے گی۔
ملک بھر میں آج سے پہلی تراویح کی نماز ادا کی جائے گی، جس کے لئے مساجد و درسگاہوں میں ایس او پیز کے تحت انتظامات کئے گئے ہیں۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت پشاور میں ہوا جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور کراچی میں ہوئے۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد پریس کانفرنس میں چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا اور کہا کہ ملک کے بیشتر شہروں میں مطلع صاف تھا جہاں سے متعدد شہادتیں موصول ہوئیں
ہیں
جبکہ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں واضح طور پر چاند دیکھا گیا ہے۔