گزشتہ چند دنوں سے فلم اسٹار میرا کی والدہ کے گھر پر قبضہ کرنے کی خبریں زیرِ گردش ہیں جس پر اب لالی ووڈ کی معروف اداکارہ میرا نے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کی ہے۔
دوران پریس کانفرنس میرا نے کہا کہ کچھ لوگ میری والدہ سے ان کے پلاٹ پر زبردستی قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے اہلخانہ کے ساتھ بہت نا انصافی ہوئی اور میرے گھر والے پاکستان میں محفوظ نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر میں پاکستان میں موجود ہوتی تو میرے اہلخانہ کے ساتھ یہ زور زبردستی نہ ہوتی۔
پریس کانفرنس کے دوران میرا نے یہ بھی کہا کہ (سی سی پی او) لاہور فوری کارروائی نہ کرتےجان و مال کا بہت نقصان ہوتا، دھمکیاں مل رہی ہیں اور مخالفین میری والدہ کو مار کر پراپرٹی ہتھیانا چاہتے ہیں۔
بعدازاں پریس کانفرنس ختم ہوجانے کے بعد صحافیوں کے سوال پر اداکارہ میرا رو پڑیں اور ان کا کہنا تھا ہماری فیملی کی پراپرٹی ہے تو کیسے آپ دن دہاڑے مسلح افراد کے ساتھ آپ گھر کے اندر گھس آئیں اور میری والدہ اور بھائی پر حملہ کریں ایسا کہاں ہوتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ یہ فراڈیے اور دو نمبر لوگ ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ میرا کی والدہ کے پلازے پر قبضے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کے بعد پولیس نے قبضے کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کیا تھا۔