پاکستانی سیاست دان ویسے تو خبروں میں اپنی جگہ بنا ہی لیتے ہیں. چاہے ٹاک شوز میں گرما گرمی ہو یا پھر بات ہو ہاتھا پائی کی، پاکستانین سیاست دان کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔
لیکن آج آپ کو ایسے چند سیاست دانوں کے بارے میں بتائیں گے جو اگرچہ عوام سے ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب تو نہیں ہو سکے مگر انہوں نے سوشل میڈیا پر توجہ ضرور حاصل کرلی ہے۔
ڈاکٹر معظم محمود نیازی:
ڈاکٹر معظم نیازی اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے تھے جب انہوں نے پانی اور شمسی تونائی سے پیٹرول بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
ڈاکٹر معظم نے اپنا تعارف بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں ڈائیٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر ہوں اور پاکستان امن لیگ کا سربراہ ہیں۔ جبکہ ان کا دعویٰ ہے کہ وہ نیازی کیمیکل انڈسٹری کے چیف ایگزیکٹو بھی ہیں۔
ڈاکٹر معظم نیازی گزشتہ کئی سالوں سے الیکشن کی دوڑ میں شامل ہونے کی کوشش کرتے ہیں مگر بیانیہ چل نہیں پاتا اور پھر وہ اگلے الیکشن کی تیاریاں کرنے لگ جاتے ہیں۔
ڈاکٹر صاحب نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا تھا کہ ہم نے شمسی توانائی سے پیٹرول تیار کر لیا ہے اور وہ بہت جلد عوام تک پہنچ جائے گا جبکہ وہ پیٹرول بالکل مفت ہوگا۔
صرف یہ ہی نہیں ڈاکٹر صاحب نے جذ بات میں آکر یہ دعویٰ تک کر دیا کہ ہم نے شمسی توانائی سے چینی بھی بنا ڈالی ہے۔
ایاز میمن موتی والا:
کراچی سے تعلق رکھنے والے ایاز میمن موتی والا نے سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا تھا، کراچی کی تاجر برادری کے جانے پہچانے نام ایاز میمن موتی والا نے کراچی کی سیاست میں اپنی قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا تھا۔
2018 کے الیکشن میں ایاز میمن نے عام آدمی پاکستان کے نام سے پارٹی بنائی اور اس پارٹی کا مقصد ہی کراچی کے مسائل کو اجاگر کرنا تھا۔
لیکن ایاز نے ان مسائل کو کچھ اس طرح اجاگر کیا کہ سوشل میڈیا پر مشہور ہوگئے ہیں، ایاز نے گندے نالوں اور کچرے میں بیٹھ کر، لیٹ کر اور خود کچرہ اٹھا کر نہ صرف اپنی الیکشن مہم چلائی بلکہ احتجاج بھی کیا۔
ایاز میمن چئیرمین تاجر الائنس کا حصہ ہیں جبکہ ایاز دوحہ جیولرز کے مالک بھی ہیں۔ لیکن تاجر ہونے کے علاوہ وہ اپنے منفرد انداز کی بدولت مشہور ہوگئے ہیں۔