پاکستان سمیت صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر نے پنجے گاڑ لیے ہیں۔ کووڈ 19 کی یہ لہر پچھلی آئی کورونا وائرس کی لہروں سے کافی مختلف اور طاقتور ہے اور اس کی علامات بھی زیادہ ہیں جسے 'ڈیلٹا ویرئینٹ' کا نام دیا گیا ہے۔
کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث سندھ حکومت کی جانب سے صوبہ میں مکمل لاگ ڈاؤن کے نفاذ پر غور و فکر کیا جا رہا ہے کیونکہ اگلے 48 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔
ذرائع محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ حکومت سخت اور بڑے فیصلے کرنے جارہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اگر اسی طرح کیسز میں اضافہ ہوتا رہا تو مکمل لاک ڈاؤن کے سوا کوئی آپشن باقی نہ رہے گا۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا کی صورت حال انتہائی خطرناک مراحل میں داخل ہوچکی ہے اور کئی اموات کا خدشہ ہے، کراچی میں کورونا کی شرح 26 فیصد سے بڑھ کر 30 فیصد تک جا پہنچی ہے۔