کورونا وائرس ڈیلٹا ویرینٹ کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر سندھ حکومت نے کراچی میں لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلے کیے گئے۔
سندھ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کراچی میں کورونا وبا کے بڑھتے کیسز کی روک تھام کے لیے چند شعبوں میں رعایتوں کے ساتھ پابندیاں بڑھانے کا فیصلہ ہوا، پابندیوں کا اطلاق 8 اگست تک ہو گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے سے سرکاری دفاتر بند کر دیئے جائیں گے،اور نجی دفاتر کو بھی بند رکھا جائے گا، علاوہ ازیں جو ویکسین نہیں لگائے گا اس کو 31 اگست کے بعد تنخواہ نہیں ملے گی۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ کل سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن کے دوران تمام مارکیٹیں بند رہیں گی۔
کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں ایک اہم فیصلہ یہ بھی کیا گیا کہ جو بھی شخص روڈ پر آئے گا اس کا ویکسی نیشن کارڈ ضرور چیک کیا جائے گا، اس کے علاوہ صوبے بھر میں انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
خیال رہے کہ کورونا کا پھیلاؤ میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 86 افراد جاں بحق، جبکہ آج کورونا کے 4537 کیسز رپورٹ سامنے آئے ہیں۔