گزشتہ دنِوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے چند معصوم اور ٹیلنٹڈ بچے خود بنائے ہوئے میوزیکل انسٹرومنٹ سے بہترین دھن بجا رہے تھے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بےحد مقبول ہوئی جس پر پاکستانی گلوکار شہزاد رائے نے سوشل میڈیا پر یہ پوسٹ کی کہ ''یہ بچے کہاں سے تعلق رکھتے ہیں لوگ اگر ان کا پتہ بتائیں تو وہ ان بچوں کو بہترین میوزیکل انسٹرومنٹ بھیجیں گے تاکہ یہ بچے میوزک کو اور بھی سیکھ سکیں''۔
بھارتی سینئیر اداکار انوپم کھیر نے سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ''یہ بچے بھارت سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ ٹیلنٹ بھارت کا ہے''۔
تاہم گلوکار شہزاد رائے نے ٹوئٹر پر بھارتی اداکار انوپم کھیر کے اس پوسٹ کو ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے ان کی یہ غلط فہمی دور کی اور انہیں بتایا کہ یہ بچے بھارت سے نہیں بلکہ پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ ان بچوں سے رابطے میں ہیں، ان بچوں کا تعلق ہنزہ سے ہے اور وہ ان بچوں کے لئے نئے اور بہترین میوزیکل انسٹرومنٹ بھی بھیجوا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ شہزاد رائے گلوکار ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی معمالات میں بھی پیش پیش رہتے ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک نظر آتے ہیں۔