کراچی میں آوارہ کتے شہر کی سڑکوں، گلیوں اور چوراہوں پر تو گھومتے دکھائی دیتے ہی ہیں لیکن اب ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دو آوارہ کتے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر گھومتے دکھائی دیے۔
اس پورے معاملے سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کتے جہاز کی لینڈنگ یا ٹیک آف کے دوران رن وے پر آجاتےتو بہت خطرناک صورت حال پیدا ہوسکتی تھی۔
خوش قسمتی سے ایسی صورت حال پیدا نہیں ہوئی کیونکہ اسلام آباد جانے والی پرواز کے لیے نجی ایئرلائن کی پرواز سے پہل آوارہ کتوں کو دیکھا گیا تھا۔ ائیرپورٹ پر موجود ایک شخص نے موقع پر ویڈیو بنا کر سوشل میڈہا پر شئیر کر ڈالی۔
تاہم ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق موقع پر موجود برڈ شوٹر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کتوں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔
ترجمان نے کہا کہ کتے ائیرپورٹ کے اطراف لگائی گئی باڑ کے نیچے سے داخل ہوئے جو اب بند کردی گئی ہے جبکہ باڑ کا تفصیلی جائزہ لے کر مزید اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ دوبارہ ایسا واقعہ پیش نہ آئے۔
*ویڈیو ریکارڈ کرنے اور فوٹو لینے پر پابندی عائد
اس واقعے کے چند گھنٹوں بعد ایئرپورٹ حکام کی جانب سے ائیرپورٹ کے احاطے میں تصاویر لینے یا ویڈیو ریکارڈ کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص ایکٹ میں پکڑا گیا تو اس کا موبائل فون اور انٹری کارڈ ضبط کر لیا جائے گا۔