پاکستان کی نوجوان نسل کسی سے پیچھے نہیں ہے، اس کا منہ بولتا ثبوت عارفہ کریم تھیں، جبکہ عارفہ کے بعد بھی کئی ایسے نام موجود ہیں جو کہ اپنے حیران کن اور منفرد صلاحیتوں کی بنا پر نام روشن کر رہے ہیں۔
ہماری ویب کی اس خبر میں آپ کو ایک ایسی ہی لڑکی کے بارے میں بتائیں گے جو کہ سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر کی بنا پر مشہور ہو گئی تھیں۔
دراصل یہ لڑکی ملیحہ علی ہیں، اور انکی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں، جس میں وہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ چیس گیم کھیل رہی تھیں۔
ملیحہ اس وقت مشہور ہو گئی تھیں، جب آرمی چیف کی جانب سے ایک اسکول ک دورہ کیا گیا تھا جو کہ زندگی ٹرسٹ نامی آرگنائزیشن کی جانب سے چلایا جاتا ہے۔ آرمی چیف نے جب ملیحہ علی کی صلاحیتوں کو دیکھا تو جنرل باجوہ بھی ملیحہ کی داد دیے بغیر نہ رہ سکے اور ایک میچ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
ملیحہ اور آرمی چیف کا میچ خاصی منفرد اور دلچسپ تھا، کیونکہ ایک طرف آرمی چیف تو دوسری طرف ایک طالبہ تھیں، لیکن یہ میچ کافی دلچسپ معلوم ہوا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آرمی چیف نے ملیحہ کی نہ صرف تعریف کی بلکہ مشورہ دیا کہ وہ ان صلاحیتوں کو پروفیشنل لیول پر استعمال کرے۔
جبکہ یہی وہ وقت تھا جب ملیحہ نے اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارا اور آج ملیحہ ایس ایم بی فاطمہ جناح اسکول میں چیس سکھاتی ہیں، ساتھ ہی ساتھ ملیحہ اپنی تعلیم بھی مکمل کر رہی ہیں۔ ملیحہ کہتی ہیں کہ میرے لیے یہ فخر کی بات تھی، جب میں نے آرمی چیف کے ساتھ چیس کھیلا۔ آرمی چیف کے ساتھ کھیلنے سے مجھے حوصلہ ملا تھا، انہوں نے مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا تھا۔
ملیحہ کو بچپن ہی سے چیس کا شوق ہے، جبکہ اسکول میں چیس کلاسز نے ملیحہ کو پروفیشنل طریقے سے کھیلنے میں مدد فراہم کی۔