مردان: کمسن بچے کے قتل کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک، اسلحہ برآمد

image

ضلع مردان کی تحصیل کاٹلنگ کے علاقے ساولڈھیر میں کمسن بچے عبداللہ کے قتل کے مرکزی ملزم جنید پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

ساولڈھیر میں عبداللہ کے بہیمانہ قتل کے واقعے پر ڈی پی او مردان نے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی تھی اور مقتول کے والد مراد علی کی مدعیت میں تھانہ جبر میں مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے مسلسل کارروائیاں کیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ جنید جمال گھڑی نہر کے قریب کھیتوں میں روپوش ہے۔ پولیس ٹیم جب جائے وقوع پر پہنچی تو ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ شروع کر دی۔ جواب میں پولیس نے قانونی کارروائی کی اور تبادلہ فائرنگ کے دوران ملزم ہلاک ہو گیا۔

ملزم کی لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ یاد رہے کہ ساولڈھیر سے اغواء ہونے والا کمسن بچہ عبداللہ قتل کیا گیا تھا اور اس کی لاش پہلے ہی برآمد کی جا چکی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US