بھارت میں طبی دنیا کا حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک نوجوان کے معدے سے سرجری کے دوران 7 ٹوتھ برش اور 2 لوہے کے پانے نکالے گئے۔ یہ واقعہ طبی تاریخ کے انوکھے اور خطرناک واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 26 سالہ نوجوان پانچ روز قبل شدید پیٹ درد کی شکایت کے ساتھ جے پور کے اسپتال لایا گیا۔ مریض کی تشویشناک حالت دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے فوری طور پر ٹیسٹ کیے اور پیٹ کی سونوگرافی کی جس میں معلوم ہوا کہ اس کے معدے میں متعدد سخت اور نوکیلی اشیا موجود ہیں۔
اسپتال کے سینئر سرجن ڈاکٹر تنمے پاریکھ کے مطابق یہ اشیا نوجوان کے معدے کی دیوار تک جا پہنچی تھیں اور کسی بھی وقت جان لیوا ثابت ہو سکتی تھیں۔ فوری طور پر آپریشن کیا گیا جو دو گھنٹے سے زائد جاری رہا، اور اس دوران نوجوان کے معدے سے 7 ٹوتھ برش اور دو لوہے کے پانے نکال لیے گئے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نوجوان ذہنی مریض ہے اور وہ کھانے کے قابل نہ ہونے والی اشیا نگل لیتا تھا جس کی وجہ سے اس کا معدہ خطرناک حالت میں پہنچ گیا تھا۔