ملک کے بالائی علاقوں سمیت خیبرپختونخوا میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور سیاحوں کے لیے مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔ برفباری کے دوران کئی سیاح فیملیز کی گاڑیاں پھنس گئیں جنہیں ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کر کے محفوظ راستے تک پہنچایا۔
ملکہ کوہسار، گلیات، لواری ٹنل، چترال، استور، چلاس اور اپر دیر کے پہاڑ سفید چادر اوڑھ کر برف سے ڈھک گئے ہیں۔ لواری ٹنل میں ڈیڑھ سے دو فٹ، چترال میں 28 انچ جبکہ استور کے کئی علاقوں میں دو فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی۔ بٹگرام میں برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، جس سے علاقوں میں شدید سردی اور آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے سخت سردی کے دوران گلیات کالا باغ کے قریب پھنسے سیاحوں کی گاڑیوں کو محفوظ نکالا اور خطرناک پھسلن والے راستوں سے محفوظ مقام تک پہنچایا۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران ٹائروں کے ساتھ زنجیروں کا استعمال لازمی کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ڈی جی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق گلیات، نتھیاگلی اور ٹھنڈیانی میں موسمِ سرما کی پہلی برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کے باعث وقفہ وقفہ سے لوڈ شیڈنگ بھی جاری ہے۔