گزشتہ روز دل کے عارضے میں مبتلا لیجنڈری فنکار عمر شریف کو علاج کے لئے امریکہ روانہ کیا گیا، تاہم طویل سفر کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشہور پاکستانی کامیڈین عمر شریف کو حکومت کی جانب سے علاج کے لئے گزشتہ روز امریکہ روانہ کیا گیا ہے تاہم پاکستان سے امریکہ تک کا سفر طویل ہونے کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں انڈر آبزرویشن رکھا ہوا ہے۔
امریکا میں ان کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق کراچی سے ایئر ایمبولینس میں روانگی کے بعد سوا سات گھنٹے کے مسلسل ہوائی سفر کے دوران عمر شریف کو تھکاوٹ اور ہلکا بخار ہو گیا تھا، تاہم جرمنی میں مزید طبی معائنے اور ریسٹ کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
عمر شریف کے معلاج ڈاکٹر شہاب کا کہنا ہے کہ عمر شریف کا میڈیکل چیک اپ اور تازہ ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں جس کے تمام انتظامات ایئر ایمبولینس کمپنی کر رہی ہے، تاہم اب عمر شریف ایئر ایمبولینس کے زریعے جرمنی سے بدھ کی صبح آئس لینڈ کے لئے روانہ ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق عمر شریف کی اہلیہ زریں غزل کو جرمنی میں کئی گھنٹے تھانے میں گزارنے پڑے جس کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ زریں غزل کے پاس جرمنی کا ویزہ نہیں تھا، جس کی وجہ سے وہ ایئرپورٹ سے باہر نہیں جاسکتی تھیں اور نہ ہی اسپتال میں رُک سکتی تھیں۔
تاہم انہیں ہنگامی ویزے کے لئے پولیس سے رجوع کرنا پڑا اور کئی گھنٹے قریبی تھانے میں گزارنے پڑے۔