ویسے تو پاکستان میں چڑیا گھر موجود ہیں جہاں شہری اپنی فیملی کے ساتھ سیر و تفریح کے لیے آتے ہیں، اور ویڈیوز بھی بنواتے ہیں، لیکن ایک نوجوان اس وقت سب کے کیمروں کی زینت بن گیا جب وہ گینڈے کے پنجرے میں داخل ہو گیا اور گینڈے نے اسے تگنی کا ناچ نچا دیا۔
ذرائع کے مطابق بہاول پور کے لال سوہارا پارک میں اس وقت عوام چیخ پکار کرنے لگی جب ایک نوجوان نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر گینڈے کے انتہائی قریب پہنچ گیا، شروعات میں وہاں موجود لوگوں نے گینڈے کے پنجرے میں جانے سے نوجوان کو بارہا روکا، مگر نوجوان ٹس سے مس نہ ہوا۔
نوجوان نے حفاظتی دیوار پھلانگ کر گینڈے کے اس حد تک قریب پہنچ گیا کہ گینڈے نے اس پر حملہ کر دیا، جس کی وجہ سے وہ زمین پر گر گیا، لوگوں کی چیخ و پکار نے گینڈے کو مزید اشتعال دے دیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ گینڈے کو نوجوان کے پاس سے ہٹانے کی کوششیں کر رہے تھے مگر گینڈا اس نوجوان مارنے کے در پر تھا۔ لوگوں کی جانب گینڈے کو مختلف طریقوں سے دور بھگانے کی کوشش کی جا رہی تھی، مگر گینڈا اس جگہ سے ہٹنے کو تیار نہیں تھا۔
عوام کی جانب سے نوجوان کو زمین پر بے جان لیٹے رہنے کا مشورہ دے رہے تھے، جبکہ نوجوان بھی گینڈے کے آگے لیٹا ہوا تھا، بعدازاں نوجوان کو باحفاظت گینڈے کے پنجرے سے باہر نکال لیا گیا تھا، جبکہ نوجوان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا.