جہاز کے سفر میں خطرے کے چانسز بہت کم ہوتے ہیں لیکن اگر کسی قسم کا خطرہ لاحق ہو تو یہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔ اس لئے “ہماری ویب“ کے پڑھنے والوں کی حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم کچھ ایسے طریقے بتائیں گے جو ہنگامی صورتحال میں آپ کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
قطاریں گن لیں
جہاز میں بیٹھتے ہی سیٹ کی قطاریں ضرور گن لیں۔ کیونکہ جہاز میں ہنگامی لینڈنگ یا کسی دوسرے خطرے کے دوران اکثر لائٹس بند ہوجاتی ہیں۔ اور ہنگامی لینڈنگ کے لئے صرف 90 سیکنڈز کا وقت ہوتا ہے جسے راستہ تلاش کرنے میں ضائع نہیں کیا جاسکتا۔ اگر آپ قطاریں گن چکے ہوں گے تو اندھیرے میں ہاتھ سے قطار گنتے ہوئے دروازے تک پہنچ سکتے ہیں۔
سب سے پہلے صفائی کریں
اپنی سیٹ پر بیٹھتے ہی وائپس یا سینٹائزر کو ٹشو میں لگا کر سیٹ۔ بیلٹ اور اپنے ہاتھ ضرور صاف کرلیں۔ یہ کرنا اس لئے ضروری ہے کیونکہ جہاز میں صفائی کا بہت اچھا انتظام نہیں ہوتا اور کروڑوں کے حساب سے جراثیم آپ کے آس پاس موجود ہوتے ہیں جن میں کچھ خطرناک وائرسز بھی ہوسکتے ہیں۔
لائف جیکٹ چیک کرلیں
شاید آپ کو یہ جان کر حیرت ہو کہ اکثر مسافر لائف جیکٹس چرا کر لے جاتے ہیں اس لئے فلائٹ میں سوار ہو کر آپ کو اپنی لائف جیکٹس لازمی چیک کر لینی چائیں خاص طور پر اگر آپ کو معلوم ہو کہ جہاز کسی سمندر کے اوپر سے گزرے گا۔
ہیڈ فون لگالیں
اگر آپ کو دورانِ سفر اجنبیوں سے گفتگو کرنا پسند نہیں تو اس کے اظہار کا ایک شائستہ طریقہ یہ ہے کہ اپنے کانوں میں ائیر فونز لگالیں۔ اس سے دیکھنے والوں کو اندازہ ہوجائے گا کہ آپ بات کرنے کے لئے دستیاب نہیں ہیں۔
ببل گم چبائیں
جہاز میں ہوا کے دباؤ کے شور سے کان متاثر ہوتے ہیں اور کان یا سر میں درد ہوسکتا ہے۔ اس تکلیف سے بچنے کا ایک حل یہ ہے کہ ببل گم چبائیں۔ ببل گم چبانے کی وجہ سے کانوں سے ٹکراتا شور کچھ کم محسوس ہوگا۔