پاکستان میں مشہور شخصیات اکثر منفی طور پر یاد کی جاتی ہیں، لیکن ان کی مشکلات کو کوئی یاد نہیں رکھتا ہے۔ یہ مشہور شخصیات ویسے تو میڈیا اور عوام میں اپنے عہدے اور نام کی بنا پر جانی جاتی ہیں، لیکن ان کی فیملی کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔
ہماری ویب کی اس خبر میں آپ کو ریحام خان اور ان کی فیملی کے بارے معلومات فراہم کریں گے۔
ریحام خان پاکستان کی ان چند صحافتی شخصیات میں شامل ہیں جو کہ بیرون ملک دنیا کے بڑے صحافتی اداروں میں کام کر چکی ہیں، اور نہ صرف کام کر چکی ہیں بلکہ کیمرے کے سامنے آ کر کام کیا ہے۔ ریحام خان نے بی بی سی لندن میں بطور نیوز کاسٹر کام کیا تھا جہاں وہ موسم کی خبریں سنایا کرتی تھیں۔ ریحام کو ان کے منفرد انداز کی بدولت ویدر گرل کے نام سے یاد کیا جاتا تھا۔
3 اپریل 1973 کو لیبیا کے شہر اجدابیا میں پیدا ہوئی، ریحام خان کے والدین کا تعلق پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا سے ہے۔ ریحام خان کے والدین لیبیا سے پاکستان آ گئے تھے، اسی لیے ریحام نے ابتدائی تعلیم ک کچھ عرصہ لیبیا میں حاصل کیا اور پھر ان ک بچپن مانسہرہ میں گزرا ہے۔
ریحام خان نے ابتدائی تعلیم پشاور کے پریزینٹیشن کنوینٹ اسکول سے کی جبکہ جناح کالج فار وومن سے گریجوئیشن کی ڈگری حاصل کی۔ رکی بائیو کی ویب سائٹ کے مطابق ریحام خان کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ انہوں نے برطانیہ کے گرمسبے انسٹیٹوٹ سے براڈکاسٹ میڈیا میں پوسٹ گریجوئیشن کیا ہے۔
ریحام خان کے والد نیر رمضان پیشے سے ایک فزیشن تھے جبکہ ان کا تعلق بھی خیبر پختونخوا ہی سے تھا۔ ریحام خان اپنی والدہ سعیدہ نیر سے بے حد محبت کرتی ہیں۔ سعیدہ نیر اپنی بیٹی کو ہمیشہ ہی سپورٹ کرتی ہیں۔ جبکہ ماں اور بیٹی ایک دوسرے سے نہ صرف محبت کرتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کےساتھ کھڑے نظر آئے ہیں۔
ریحام خان کی ایک بڑی بہن بھی ہیں جن کا نام سلمٰی نیر ہے، سلمیٰ نیر سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں۔ جبکہ بھائی کا نام منیر خان نیر ہے۔
ریحام خان کی پہلی شادی 19 سال کی عمر میں ان کے کزن اعجاز الرحمان سے ہوئی تھی، جو کہ پیشے سے ڈاکٹر ہیں۔ پہلی شادی سے ریحام خان کے تین بچے ہیں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا۔ بڑے بیٹے کا نام ساحر اور بیٹیوں کے نام عنایا اور ردا ہیں۔
ریحام خان اپنے بچوں کو ہر موقع پر سپورٹ کرتی دکھائی دی ہیں۔ جب ان کی طلاق بھی ہوئی تھی، تو انہوں نے خود بچوں کی ذمہ داری اٹھائی تھی اورخود ان کی تربیت کی تھی۔ بچے اپنی والدہ کے ساتھ ہی رہتے ہیں۔
جبکہ دوسری شادی پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور وزیر اعظم عمران خان سے ہوئی تھی، 2014 میں ہونے والی یہ شادی 2015 میں ہی طلاق پر ختم ہو گئی تھی۔ ریحام خان اور عمران خان کی اس شادی کو میڈیا نے کافی اہمیت دی تھی، نکاح سے طلاق تک میڈیا نے ہر طرح سے عمران اور ریحام کے حوالے سے خبریں چلائی تھیں۔
کچھ صحافی جہانگیر ترین اور عمران خان کی بہنوں کو بھی طلاق کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔ ریحام خان کا جہانگیر ترین کے حوالے سے بھی موقف کچھ خاص اچھا نہیں تھا۔
ریحام خان اور عمران خان کی شادی سے متعلق خبر عمران خان کی بہنوں کو نہیں معلوم تھی، بہنوں کو اندازہ نہیں تھا عمران خان اور ریحام خان نکاح کر سکتے ہیں۔
عمران سے طلاق سے متعلق ریحام نے گارجئین کو انٹرویو دیا، اس میں ان کا کہنا تھا کہ عمران اور میری طلاق میں عمران کی بہنوں کا کوئی ہاتھ نہیں تھا، اور نہ ہی انہوں نےعمران کو مجھے طلاق دینے پر مجبور کیا تھا، ہماری بانڈنگ ہی مضبوط نہیں تھی، جب ہی ہم ایک ساتھ نہیں چل سکے۔
ریحام خان نے 2006 سے ہی اپنے پروفیشنل کیرئیر کا آغاز کر دیا تھا۔ برطانیہ میں میگل ٹی وی سے بطور نیوز کاسٹر کام شروع کیا پھرسن شائن ریڈیو میں بھی خدمات سر انجام دیں۔ پھر 2008 میں بی بی سی جوائن کیا جہاں وہ موسم کی خبروں سے متعلق آگاہ کرتی تھیں۔ ریحام نے فلم انڈسٹری میں بھی قدم رکھا اور بطور پروڈیوسر اپنی پہلی فلم جانان پر کام کیا جو کہ ان کی پہلی پاکستانی فلم تھی۔ ریحام نے پاکستانی نیوز چینلز آج ٹی وی، ڈان، نیو ٹی وی میں بھی بطور نیوز اینکر پروگرام ہوسٹ کیا ہے۔
اب ریحام خان اپنے بچوں کے ساتھ ایک خوش گوار زندگی گزار رہی ہیں۔