پاکستان ڈراموں میں جتنا اچھا کردار ہیرو اور ہیروئن نبھاتے ہیں وہیں والدین کا کردار ادا کرنے والے شوبز فنکاروں کی اداکاری بھی اپنی مثال آپ ہوتی ہے۔
آج Hamariweb.com پاکستانی ڈرامہ سیریلز میں ماں باپ کے کردار نبھانے والے اداکاروں کی حقیقی زندگی کے بارے میں بات کرنے جا رہی ہے جو یقیناً اُن کے چاہنے والوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنے گی۔
1- عصمت زیدی
عصمت زیدی پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی ایک مقبول اداکارہ ہیں۔ وہ انڈسٹری میں کافی عرصے سے کام کر رہی ہیں اور مختلف بلاک بسٹر ڈراموں میں مختلف کردار ادا کر چکی ہیں۔
ایک انٹرویو میں اداکارہ عصمت زیدی نے اپنے بارے میں بتایا کہ وہ بولنے میں اچھی نہیں ہیں۔ جب کوئی ایوارڈ فنکشن کی تقریب ہوتی ہے تو میں کنارے سے ہی نکل جاتی ہوں کیونکہ مجھ سے نہیں بولا جاتا۔ انہوں نے آگے چل کر کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ بولتی کم ہوں ، میں بہت بہت زیادہ باتیں کرتی ہوں کہ سیٹ پر اکثر لوگو مجھ سے کہتے ہیں کہ آپا تھوڑا سا بریک دے دیں۔
اداکارہ عصمت زیدی نے انٹرویو میں عورتوں سے متعلق کہا کہ مجھے بہادر عورت اچھی لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب میرے شوہر مجھے چھوڑ رہے تھے تو اس وقت میں نہیں روئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ میری خواہش یہ تھی ک میرا گھر نہ ٹوٹے اور اس کا اثر میرے بچوں پر نہ ہو۔
2- راشد فاروقی
ڈراموں میں منفی کرداروں سے مشہور راشد فاروقی کے چاہنے والے بھی یقیناً ان کی اصلی زندگی کے بارے میں جاننے کے لیے بے تاب ہوں گے۔ ایک انٹرویو میں معلوم ہوا کہ راشد فاروقی اپنی چائے خود بناتے ہیں۔
انہوں نے انٹرویو میں بتایا کہ مجھے صبح لازمی چائے چاہیئے ہوتی ہے۔ سیٹ پر جانے سے پہلے یا کوئی بھی کام کرنے سے پہلے میں چائے پیتا ہوں۔
راشد فاروقی اپنے بارے میں مزید بتاتے ہیں کہ انہوں نے جامعہ کراچی سے آرٹس میں بیچلر کیا ہے اور پھرانہوں نے سرکاری ادارے میں 12 سال کلرک کی نوکری کی تھی۔ انہوں نے انٹرویو میں بتایا کہ جس طرح کا آجکل سرکاری اداروں میں رجحان ہے کہ ملازم کام نہیں کرتے تھے ویسے میں بھی کام نہیں کرتا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ دفتر جاتے ، حاضری لگاتے اور پھر واپس 1 ڈیڑھ بجے گھر آجاتے تھے۔
3- محمد احمد
سید محمد احمد ایک پاکستانی اسکرین رائٹر، گیت نگار، اداکار اور ہدایت کار ہیں۔ سید محمد احمد اکثر ڈراموں میں باپ کا کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں۔ محمد احمد اصلی زندگی زندگی میں کیسے والد ہیں اس حوالے سے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ اگر میں بیٹیوں کا باپ نہ ہوتا تو شاید وہ بات اسکرین پر بھی نظر نہ آتی۔ انہوں نے یہ بات ڈرامہ سیریل ’ثبات‘ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہی تھی جس میں وہ عنایہ (ماورا حسین) کے باپ کا کردار نبھاتے دکھائی دیتے ہیں
اداکار نے انٹرویو میں بتایا کہ میری اور میری اہلیہ کی ایک ہی کوشش تھی میری بیٹیاں اچھی جگہ پڑھیں اور اچھی تعلیم حاصل کریں۔