سردیوں کے موسم میں بیماریوں سے بچاؤ کے لیے گھریلو ٹوٹکے نہایت مؤثر ثابت ہوتے ہیں جن میں ہلدی والا دودھ نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ ماہرینِ صحت کے مطابق ہلدی ایک قدرتی اینٹی بائیوٹک کے طور پر کام کرتی ہے جس میں اینٹی وائرل، اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی سوزش خصوصیات پائی جاتی ہیں۔
ہلدی والا دودھ سردی، کھانسی اور فلو کے خلاف جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط بناتا ہے۔ موسمِ سرما میں فلو اور وائرل بخار عام ہو جاتے ہیں ایسی صورت میں ہلدی والا دودھ دوا کا کام دیتا ہے اور قوتِ مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اسے رات سونے سے پہلے یا صبح پینے سے نزلہ اور زکام سے بچاؤ ممکن ہے۔
مزید برآں موسم سرما میں زیادہ کھانے پینے کے باعث پیٹ کی خرابی، بدہضمی اور گیس جیسے مسائل بھی عام ہو جاتے ہیں۔ ہلدی والا دودھ نظامِ ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے اور پیٹ کی تکالیف میں آرام پہنچاتا ہے۔
سردیوں میں جوڑوں اور پٹھوں کے درد کی شکایت بھی بڑھ جاتی ہے۔ ہلدی میں موجود اینٹی سوزش اجزا جسمانی درد اور اکڑاؤ کو کم کرنے میں مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہلدی والا دودھ سینے میں جکڑن اور بلغم کی شکایت میں بھی آرام فراہم کرتا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق سردیوں میں ہلدی والا دودھ معمول کا حصہ بنانے سے جسم کو قدرتی طور پر صحت مند اور توانا رکھا جا سکتا ہے۔