پاکستانی معروف گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے واضح کیا ہے کہ وہ بھارت مخالف نہیں ہیں تاہم جنگ یا کسی بھی قومی تنازع کی صورت میں وہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
حال ہی میں ایک صحافی کو دیے گئے انٹرویو میں فرحان سعید نے پاک بھارت کشیدگی، سوشل میڈیا فالوونگ اور فن و سیاست کے تعلق پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ان کی سوشل میڈیا فالوونگ خاصی متاثر ہوئی کیونکہ ان کے مداحوں کی بڑی تعداد بھارت سے تعلق رکھتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان زندہ باد کہنا اپنے وطن سے محبت کا اعلان ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر میرے ملک پر جنگ مسلط کی جائے تو میں کسی بھی صورت اپنے وطن کے ساتھ ہی کھڑا رہوں گا۔ میں ہمیشہ پاکستان کا انتخاب کروں گا چاہے اس کی وجہ سے مجھے ذاتی یا پیشہ ورانہ نقصان ہی کیوں نہ اٹھانا پڑے۔
فرحان سعید نے مزید کہا کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور وہ خود بالی ووڈ فلمیں دیکھ کر بڑے ہوئے ہیں تاہم ان کے مطابق آج کے نوجوان بالی ووڈ سے اس طرح جڑے نہیں رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ نے پاکستان مخالف بیانیہ اختیار کر کے خود کو نقصان پہنچایا ہے اور اگر انہیں اس کی پرواہ نہیں تو ہمیں بھی اس پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت میں ان کی بہت سی اچھی دوستیاں اور تعلقات رہے ہیں جنہیں وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ تاہم ان کے مطابق مسلسل تنازع، کشیدگی اور پروپیگنڈے کے ماحول میں ان کا مؤقف واضح ہے کہ وہ ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔