رات کو نیند نہ آنا آج کل ایک عام مسئلہ بنتا جا رہا ہے جس کے باعث کئی افراد ادویات کے بجائے قدرتی اور محفوظ طریقوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق کیلا چائے ایک سادہ مگر مفید مشروب ہے جو نیند کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔
کیلا چائے کیلے کے گودے، چھلکے یا دونوں کو اُبلتے ہوئے پانی میں ڈال کر تیار کی جاتی ہے۔ چند منٹ اُبالنے کے بعد اسے چھان لیا جاتا ہے اور یہ ہلکی میٹھی، کیفین سے پاک چائے پینے کے لیے تیار ہو جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کیلا چائے میں وہی غذائی اجزاء شامل ہو سکتے ہیں جو عام کیلے میں پائے جاتے ہیں، جن میں ٹرپٹوفین، میگنیشیم اور پوٹاشیم شامل ہیں۔ یہ اجزاء جسم کو پرسکون کرنے اور بہتر نیند میں معاون سمجھے جاتے ہیں۔ اگرچہ کیلا چائے پر براہِ راست سائنسی تحقیق محدود ہے تاہم چونکہ یہ غذائی عناصر پانی میں حل ہو سکتے ہیں اس لیے اُبالنے کے دوران چائے میں شامل ہونے کا امکان موجود ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق سونے سے پہلے گرم اور کیفین فری مشروب پینا جسم کو نیند کے لیے تیار کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اسی لیے کیلا چائے کو رات کی روٹین کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔
کیلا چائے گھر میں باآسانی تیار کی جا سکتی ہے۔ اسے سادہ کیلے سے، چھلکے سمیت کیلے سے یا خشک کیے گئے کیلے کے چھلکوں سے بھی بنایا جا سکتا ہے۔ ذائقہ بہتر بنانے کے لیے اس میں دار چینی، جائفل یا شہد شامل کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ باقاعدگی سے کیلا چائے پینا نیند کے مسائل میں قدرتی اور محفوظ مدد فراہم کر سکتا ہے تاہم اگر نیند کی کمی مسلسل رہے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔