پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور میزبان مشی خان نے کرکٹر عماد وسیم کے مبینہ چیٹنگ اسکینڈل کے بعد پاکستانی مردوں، خصوصاً کرکٹرز اور شوبز شخصیات کے رویّوں پر کڑی تنقید کی ہے۔ مشی خان ان دنوں ایک چینل میں مارننگ شو کی میزبانی کر رہی ہیں اور اپنے بے باک سماجی تبصروں کے باعث جانی جاتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو بیان میں مشی خان نے سوال اٹھایا کہ اگر کسی مرد کو اپنی بیوی کے ساتھ مسائل، اختلافات ہونے کا احساس ہے اور وہ باہر کی خواتین سے تعلقات یا پارٹیوں میں دلچسپی لینے لگتا ہے تو پھر وہ گھر میں موجود بیوی کے ساتھ بچے پیدا کرنے کا سلسلہ کیوں جاری رکھتا ہے؟
مشی خان نے کہا کہ یہ صرف ایک بچے تک محدود نہیں رہتا بلکہ ایسے مرد کئی بچے پیدا کرتے ہیں اور پھر ایک دن اچانک یہ کہہ دیتے ہیں کہ وہ مزید ساتھ نہیں رہ سکتے کیونکہ وہ کسی اور عورت سے محبت کرنے لگے ہیں یا اس کے جال میں پھنس گئے ہیں۔ ان کے مطابق اس کے بعد یہی لوگ اپنے خاندان کو بوجھ سمجھنے لگتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص خاندان بناتا ہے تو اس پر لازم ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، چاہے وہ سابقہ بیوی ہی کیوں نہ ہو۔ مشی خان کے مطابق ایسے مواقع پر بعض مرد مختلف بہانے بناتے ہیں کہ انہوں نے اپنی ساری دولت والدین کو دے دی ہے یا ان کے پاس وسائل نہیں رہے۔
مشی خان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں خوب سراہا جا رہا ہے۔ کئی صارفین نے ایسے مردوں کے رویّوں پر سخت تنقید کی جبکہ بعض نے مشی خان کی پوسٹ میں عماد وسیم کو بھی ٹیگ کیا۔
صارفین کا کہنا ہے کہ مشی خان نے ایک حساس مگر اہم مسئلے پر آواز بلند کی ہے جس پر بات ہونا ضروری ہے۔