اگر آپ نے کبھی جہاز کا سفر کیا ہو تو یہ دیکھا ہوگا کہ جہاز میں ائیر ہوسٹس خوبصورت سی ٹرے یا ٹیبل سجا کر کھانا پیش کرتی ہیں، یہ کھانا بہت اچھی طرح سے سرو کیا ہوا ہوتا ہے اور دیکھنے میں بہترین لگتا ہے۔
لیکن آپ کو جہاز میں ملنے والا کھانا کھا کر غصہ ضرور آیا ہو گا، ہوائی جہازوں کی جانب سے کھانے کے ذائقے کے بارے میں شکایات بے حد عام ہیں کیونکہ جہاز میں کھانا چاہے جتنا بھی اچھی طرح سرو کیا گیا ہو اور سجاوٹ کے ساتھ پیش کیا گیا ہو یہ کھانا ذائقے دار نہیں ہوتا۔
مگر کیا آپ اس کی وجہ جانتے ہیں کہ آخر ایسا کیوں ہوتا ہے اور اتنی محنت سے بنایا ہوا کھانا بھی مزیدار کیوں نہیں ہوتا؟
اگر آپ نہیں جانتے تو کوئی بات نہیں آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ جہاز میں پیش کئے جانے والے کھانے مزیدار اور ذائقے دار کیوں نہیں ہوتے۔
جہاز کے کھانے ذائقے دار کیوں نہیں ہوتے؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاز میں بیٹھنے سے قبل آپ اپنی معمول کی سونگھنے اور ذائقہ چکھنے کی حِس زمین پر ہی چھوڑ آتے ہیں، جی ہاں! اوکسفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر چارلز پیس کا کہنا ہے کہ مشروبات اور کھانے کا ذائقہ ہوا میں زمین کی نسبت واقعی مختلف ہوتا ہے۔
اس کی بنیادی وجہ نمی کا کم ہونا، ہوا کے دباﺅ میں کمی اور جہاز سے آنے والی مسلسل آواز ہے، ایک تحقیق کے مطابق ہوا میں نمی کی کمی اور ہوا کا دباﺅ کم ہونے کے باعث انسان کی نمکین اور میٹھے کھانوں کا ذائقہ چکھنے کی حِس میں قریباً 30 فیصد کمی ہو جاتی ہے۔
مزید یہ کہ ہوائی سفر کے دوران سونگھنے کی حِس میں بھی تبدیلی آتی ہے، جہاز کے کیبن میں سونگھنے کی حس مکمل طور پر کام نہیں کرتی، یہ وہ تمام وجوہات ہیں جن کی وجہ سے جہاز میں کھانا بے ذائقہ محسوس ہوتا ہے۔
اُمید ہے یہ معلومات آپ کو پسند آئی ہوں گی، آپ نے جب ہوائی جہاز میں پہلی مرتبہ سفر کیا تو کیسا محسوس کیا اور کھانا کیسا لگا؟ اپنے خیالات کا اظہار ہماری ویب کے فیس بُک پیج پر کمنٹ سیکشن میں ضرور بتائیں۔