شہر کراچی میں اس وقت تیز گرد آلود ہواؤں کا راج ہے۔ پورے شہر میں ہر جانب دھند دکھائی دے رہی ہے جو سنگین حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔
شہر میں تیز گرد آلود ہوائیں کب تک چلیں گی ، محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں تیز گرد آلود ہوائیں آج شام تک چلنے کا امکان ہے، ہوائیں چلنے کی رفتار 35 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ ہوائیں 40 سے45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےچل سکتی ہیں،اورہواؤں کےرفتار کی شدت کبھی 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بھی جا سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تیزگرد آلود ہوائیں چلنے کے باعث موسم آگے سرد رہ سکتا ہے، اس وقت کراچی کا درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے ہوا میں نمی کا تناسب 14 فیصد ہے جبکہ شہر میں مطلع ابر آلود نہیں ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سے شہر میں شروع ہونے والی تیز ہواؤں کے باعث مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔