چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے نسلہ ٹاور سے متعلق وفاقی آئینی عدالت کے حالیہ فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ یہ فیصلہ آٹھ سال کی تاخیر سے آیا، تاہم اس نے مستقبل کے لیے ایک واضح قانونی سمت متعین کر دی ہے۔
محمد حسن بخشی نے کہا کہ امید ہے آئندہ عدالتیں تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے فیصلے کریں گی اور ازخود نوٹس کے اختیار کا غیر ضروری استعمال نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق دنیا بھر میں عدالتی کارروائی سے قبل مکمل قانونی عمل کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نسلہ ٹاور کے متعدد متاثرین انصاف کے انتظار میں دنیا سے رخصت ہو گئے جبکہ 44 خاندانوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
چیئرمین آباد کا کہنا تھا کہ نسلہ ٹاور کی مسماری کے فیصلے سے تعمیراتی صنعت طویل عرصے تک جمود کا شکار رہی۔ انہوں نے سابق چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرین سے معافی مانگیں تاکہ مستقبل میں ایسی غلطیوں سے سبق حاصل کیا جا سکے۔