اگر زلزلہ آیا تو اپنے بچوں کے بعد اسے ہی بچاؤں گا،دنیا بھر سے کھلونے جمع کرنے والے اورنگزیب کی کہانی

image

مارول سیریز کے پرستار کا حیرت انگیز انداز میں اظہارِعشق ، ساری دنیا سے اسٹیچوز جمع کر لئے۔۔۔

کہتے ہیں شوق کا کوئی مول نہیں ، اور اگر شوق کے ساتھ وسائل بھی ہوں ،سہولت اور وقت بھی میسر ہو تو یہ شوق بھی لوگوں کے لئے محبت کی طرح ہوجاتا ہے جس کو چھوڑنا ممکن نہیں رہتا۔ مختلف چیزوں کو جمع کرنا لوگوں کا بہت پرانا شوق ہے،ایسے میں کوئی پینٹنگ جمع کرتا ہے ،کوئی دنیا بھر سے مختلف ملکوں کے سووینئیرز جمع کرتا ہے ،کوئی سکوں کا شوقین،کوئی ڈاک ٹکٹوں کا دیوانہ، ہمارے ہاں بھی اکثر ہمارے فنکار بھی مختلف چیزوں کے شوق رکھتے ہیں جیسے ونیزہ احمد کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کے مختلف ممالک سے مختلف شکلوں کے ماسک جمع کرتی تھیں اب پینٹنگز ان کو پسند ہیں اس کے ساتھ مشہور اداکارہ جویریہ سعود دنیا بھر سے مختلف ممالک کے سووینئیرز جمع کرتی ہیں جو انہوں نے اپنے پورے گھر میں سجائے ہوئے ہیں، نادیہ خان کو ہر جگہ سے اچھا میک اپ جمع کرنے کا شوق ہے ،ان کے بقول ان کا وینیٹی بکس لاکھوں روپے کا ہے کیونکہ اس میں ایک سے بڑھ کر ایک قیمتی میک اپ موجود ہے۔

لوگوں کا شوق ان کی محبت کیسے بنتا ہے اس بات کو ثابت کیا کراچی کے رہائشی 38 سالہ اورنگزیب مری نے ،جو کہ اپنی منفرد کلیکشن کی وجہ سے لوگوں کو حیران کر رہے ہیں۔ گذشتہ دنوں ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے اورنگزیب نے بتایا کہ ان کو مارول کیریکٹرز کے اسٹیچوز جمع کرنے کا شوق ہے وہ ساری دنیا سے یہ اسٹیچوز منگواتے ہیں اور خود بھی جب سفر کرتے ہیں تو دنیا میں جہاں کہیں جاتے ہیں وہاں سے یہ اسٹیچوز ہی جمع کرتے ہیں۔ ان کے گھر میں ایک کمرہ صرف ان اسٹیچوز کے لئے ہی مختص ہے، جہاں جاکر آپ کسی اور ہی دنیا میں پہنچ جاتے ہیں ،ان کا یہ کمرہ ان کی محبت بن چکا ہے ،ان کے بیوی بچے بھی ان کو تحفے میں ان کرداروں کے اسٹیچوز ہی دیتے ہیں،اور بہت فخر سے اپنے دوستوں اور جاننے والوں کو یہ کلیکشن دکھاتے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ دنیا میں جہاں جہاں مارول سیریز دیکھی اور پسند کی جاتی ہے وہاں وہاں اس کے دیوانے موجود ہیں جو ان کرداروں کی مختلف نشانیاں جمع کرتے ہیں ، ایسے میں ان کا شوق اسٹیچوز خاص کر سپر مین کے جتنے اسٹیچوز کے ورژن آئے ہیں وہ سب ان کے پاس موجود ہیں جو کہ بہت مہنگے بھی ہیں لیکن وہ اپنے شوق کے ہاتھوں مجبورہوکر یہ ضرور خریدتے ہیں ،ان کا دنیا کے مختلف کلیکٹرز سے رابطہ ہے اور جس کے پاس جو اچھی چیز ہوتی ہے وہ ایک دوسرے سے بیچتے اور خریدتے رہتے ہیں۔ ان کے اس منفرد شوق نے ان کو خاصا مشہور بھی کر دیا ہے اور جو بھی ان کے گھر آتا ہے وہ ان کا یہ خزانہ دیکھنا ضرور پسند کرتا ہے۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ اگر خدانخواستہ کوئی زلزلہ وغیرہ آیا تو وہ اپنے بچوں کے بعد اپنے اس اثاثے کو ہی بچائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US