پی ٹی آئی نے کراچی کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، سینئر وزیر شرجیل میمن

image

سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے کراچی کے دورے کے دوران ایک بار پھر 9 مئی جیسے واقعات دہرانے کی کوشش کی تاہم سندھ حکومت نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا اور کسی قسم کا مقدمہ درج نہیں کیا مگر ہماری شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھایا گیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ چند روز قبل خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے کراچی آنے کی اطلاع ملی تو سندھ حکومت نے فوری طور پر رابطہ کیا اور انہیں مکمل سکیورٹی اور سہولیات کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک تھریٹ الرٹ بھی موصول ہوا تھا تاہم اس کا اعلان اس لیے نہیں کیا گیا کہ کوئی اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے پی ٹی آئی قیادت سے رابطہ رکھا اور خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی حتیٰ کہ سعید غنی نے ان کا استقبال بھی کیا۔ شرجیل میمن کے مطابق پی ٹی آئی کو واضح طور پر بتایا گیا تھا کہ کچھ علاقوں میں سکیورٹی خدشات کے باعث نہ جائیں مگر اس کے باوجود وہ ضلع سینٹرل گئے اور بعد میں ٹریفک میں پھنسنے کا الزام حکومت پر لگا دیا۔

جلسے کی اجازت کے معاملے پر شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کو زبانی اجازت پہلے ہی دے دی گئی تھی مگر اجازت نامہ ملنے کے چند منٹ بعد ہی انہوں نے اعلان کر دیا کہ وہ باغِ جناح کے بجائے سڑک پر جلسہ کریں گے جس سے ٹریفک کے سنگین مسائل پیدا ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا، میڈیا کی گاڑیاں توڑیں اور خواتین صحافیوں سے بدتمیزی کی، اس کے باوجود سندھ حکومت نے کوئی مقدمہ درج نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سیاست انتشار پر مبنی ہے جبکہ پیپلز پارٹی جمہوری سیاست پر یقین رکھتی ہے۔

شرجیل میمن نے واضح کیا کہ سندھ حکومت 8 فروری کو پہیہ جام کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور کسی بھی انتشار کی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی کن مقاصد کے تحت ان مخصوص راستوں کا انتخاب کر رہی تھی جن کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US