کمپنی نے اپنے 5 ملازمین کو بی ایم ڈبلویو گاڑی تحفے میں دے دی۔ یہ واقعہ بھارت کے علاقے چنائی کا ہے جہاں ایک سافٹ وئیر کمپنی نے اپنے ان 5 ملازمین کو انکی وفاداری کے بدلے میں یہ تحفہ دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کمپنی کے سی ای او کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے دوران انہوں نے کمپنی کو اچھا منافع کمانے میں مدد کی۔ یوں گاڑیاں دینے سے اب دیگر ملازمین میں مزید محنت کا جذبہ بھی پیدا ہوگا ۔
ہمیشہ کمپنی کے وفادار رہنے والے ان ملازمین کو گاڑیاں دینے کی تقریب جمعہ کے روز منعقد ہوئی۔ جس میں پانچوں ملازمین کو ایک ایک بی ایم ڈبلیو کار بطور تحفہ دی گئی۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ان تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انتہائی مہنگی گاڑیاں حاصل کرنے والے یہ حضرات بہت خوش ہیں اور مختلف طریقے سے اپنی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ایک تصویر میں ان 5 ملازمین کے اہلخانہ بھی نظر آ رہے ہیں جس سے یوں معلوم ہوتا ہے کہ کمپنی کی جانب سے ایک چھوٹی سی تقریب رکھی گئی تھی جس میں ان کی دن رات کی محنت کے عوض یہ مہنگے تحفے دیے گئے۔