جیل میں ایک قیدی سے میں نے یہ کام سیکھا ۔۔ دھاگے سے قرآن پاک لکھنے والے پولیس افسر کی زندگی ایک قیدی نے کیسے بدل ڈالی؟

image

کراچی سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ ایس ایچ او خان شاہ نواز ملحی کی قرآن سے محبت اتنی ہے کہ انہوں نے صرف دھاگوں کی مدد سے قرآن پاک لکھ دیا۔

اس حوالے سے خان شاہ نواز نے ڈیجیٹل پاکستان کے ویب چینل کو ایک خوبصورت واقعہ بیان کیا اور انہوں نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے دھاگوں سے اللہ پاک کا کلام لکھنے کا آغاز کیا۔

خان شاہ نواز نے بتایا کہ انہوں نے کراچی پولیس میں دس پندرہ سال بطور ایس ایچ او ملازمت کی ہے۔ قرآن پاک لکھنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آرٹ ان کا شروع سے ہی پسندیدہ مضمون رہا ہے۔

وہ بتاتے ہیں کہ میں اسکول میں پینسل وغیرہ سے خاکے تیار کرتا تھا لیکن بعدازاں پولیس کے پیشے میں آگیا مگر وہاں بھی اس کام سے جڑا رہا۔

ریٹائرڈ ایس ایچ او نے بتایا کہ میں نے سال 2002 میں اللہ کے نام کی کیلی گرافی بنائی تھی جس کی آرٹ کونسل آف پاکستان میں نمائش بھی ہوئی تھی۔ اس کے بعد محمدﷺ کے نام کی کیلی گرافی بھی کی، اس میں بھی قرآنی سورتوں کے حوالے سے مکمل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ان کا بہت پرانا شوق رہا ہے۔

خان شاہ نواز نے آگے چل کر بتایا کہ 2006 سے 2010 تک میں اپنے پیشے کے حساب سے جیل میں جایا کرتا تھا، ہمارے زیر نظر وہاں ٹرائلز ہوا کرتے تھے، تو وہاں ایک قیدی نے مجھے پینسل کے اوپر دھاگے سے میرا نام لکھ کر مجھے تحفے میں پیش کیا تھا۔ یہ فن جیل کے اندر موجود ہے۔

خان شاہ نواز نے بتایا کہ میرے اندر کے فنکار نے شور مچایا اور اسے دیکھ کر میرے اندر بھی یہ شوق پیدا ہوا کہ میں بھی دھاگے کی مدد سے کچھ تیار کروں۔ انہوں نے بتایا کہ جب میں نے یہ کام سیکھا تو میں نے اسے عربی میں ڈالا۔

ریٹائرڈ افسر خان شاہ نواز نے بتایا کہ یہ کام بہت قریب سے دیکھ کر کرنے پر میری دونوں آنکھوں کا موتیا کا آپریشن ہوچکا ہے اور چونکہ یہ کام کرتے ہوئے کندھے جھک جاتے ہیں تو گذشتہ سال میں کندھوں کے درد کی وجہ سے کافی تکلیف میں رہا۔

فن میں مہارت رکھنے والے شاہ نواز نے اس عزم کا بھی اظہار کہ وہ آگے اس کام کو جاری رکھیں اور مزید اسلامی فن پارے اورخاکے تیار کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US