جھلساتی گرمی میں روزے رکھنے والے شہریوں کے لئے محکمہ موسمیات نے اہم خوشخبری سنا دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ تیز آندھیوں اور بارشوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
ملک کے کن حصوں میں بارش ہوگی؟
اطلاعات کے مطابق یکم مئی سے ہواؤں کا سسٹم ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہوگا جس کے بعد 5 مئی تک بارشیں متوقع ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 2 سے 4 مئی تک اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور بنوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ خوشاب، سرگودھا اور آس پاس کے علاقوں میں آندھی اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں آندھی اور تیز ہوائیں
کراچی کے موسم کے حوالے سے محمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی اور سندھ کے مختلف شہر میرپور خاص، بدین، ٹھٹھہ اور حیدر آباد میں تیز ہوائیں اور آندھی متوقع ہے جبکہ چاغی، نوشکی، کوئٹہ، چمن، زیارت، سبی، راجن پور، سکھر، ڈی جی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوسکتی ہے۔