عید کے آتے ہی جہاں گھروں میں رونق ہوتی ہے وہیں کچھ گھر ایسے بھی ہوتے ہیں جہاں پریشانیوں اور افسردگی کا ماحول ہوتا ہے، اور عید کی خوشیاں ماند پڑی ہوتی ہیں۔
ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو اسی حوالے سے بتائیں گے۔
گزشتہ روز کراچی کے علاقے نیٹی جیٹی پُل پر ایک ایسا افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جس نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔ کراچی کی 25 سالہ عائشہ نے اپنے تین ننھے بچوں سمیت پُل سے اس وقت چھلانگ لگا دی جب افطاری کا وقت ہوا جا رہا تھا۔
چونکہ پُل کے پاس ریستوران بھی واقع ہے، جہاں کچھ خواتین افطاری کر رہی تھیں، جب انہوں نے پانی میں کسی چیز کی زور سے گرنے کی آواز سنی اور محسوس کیا کہ کوئی گرا ہے، تو فورا چیخ و پکار شروع کر دی اور امداد کے لیے انتظامیہ کو بلایا۔
عائشہ نے پہلے دوپٹے سے اپنی چھوٹی بیٹی کو لٹکایا اور پھر دوسری بیٹی کو لٹکایا، اس کے بعد بڑے بیٹے کو جو کہ کم عمر معلوم ہوتا ہے کے بعد خود چھلانگ لگا دی۔
دراصل عائشہ اور اس کے شوہر اس وقت فاقہ کشی اور مفلسی کا شکار ہیں، اس حد تک پریشانیوں کا شکار ہیں کہ بچوں کے لیے عید کے کپڑے تک نہیں بنا پا رہے۔ دیگر بچوں کو دیکھ کر جب بچے والدین سے فرمائش کرتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ جیسے کوئی ان کا دل کاٹ رہا ہو۔
عائشہ کے شوہر کرائے کا رکشہ چلاتے ہیں، جبکہ وہ ڈائلاسز کے مریض ہیں، یہی وجہ ہے کہ کئی عرصے سے نوکری نہیں کر پا رہے تھے۔ جس کے بعد مجبور ہو کر ماں نے افطاری سے چند لمحے قبل اپنی اور بچوں کی زندگی کے خاتمے کا فیصلہ کیا۔
کرائے کا مکان ہونے کی وجہ سے شوہر جتنا پیسہ کماتے وہ کرائے میں چلا جاتا، جب عائشہ بچوں سمیت خودکشی کرنے لگی تو اس وقت تینوں بچوں کی عمر اتنی نہیں تھی کہ وہ سمجھ سکیں ہم کیا کرنے جا رہے ہیں، البتہ بڑا بیٹا جو کہ معصوم ہے وہ اب تک اس پورے لمحے کے بعد سہما ہوا ہے۔
بیٹے کو اب بھی یاد ہے کس طرح والدہ نے پہلے بیٹی کو لٹکایا اور پھر ہم سب پانی میں چلے گئے۔ لیکن خوش قسمتی سے مقامی لوگوں نے اس فیملی کو ڈوبنے سے بچا لیا۔
اور ایک خوش خبری یہ بھی ہے کہ جے ڈی سی نے باقاعدہ طور پر فیملی سے رابطہ کیا ہے اور انہیں خود کا رکشہ دیا ہے، دوسری جانب بچوں کی پڑھائی کے حوالے سے، عائشہ کے شوہر کے ڈائلاسز کا خرچہ بھی خود اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
صرف یہی نہیں بلکہ جے ڈی سی کی جانب سے عائشہ کے شوہر پر جو قرض چڑھ گیا تھا اسے بھی اتارا گیا ہے۔
یعنی اللہ جسے چاہے جس طرح چاہے مدد فراہم کر سکتا ہے۔